چئیرمین واپڈا ڈیموں کی جلد تعمیر کریں،خود نگرانی کرونگا،عمران خان 

163
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس ہورہا ہے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت/ خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے واپڈاکے چیئرمین سے ملاقات میں کہا ہے کہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی جلد تعمیر کی جائے ، منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا۔ عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ چیئرمین واپڈا جنرل (ر) مزمل حسین نے وزیراعظم ہاؤس میں مجھ سے ملاقات کی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 2 بڑے ڈیموں سمیت صرف 185ڈیمز ہیں جبکہ اس کے برعکس بھارت میں 5ہزار اور چین میں 4 ہزار بڑے ڈیموں سمیت 84 ہزار ڈیمز ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کو بڑھتے ہوئے آبی بحران سے محفوظ بنانا ہے، چیئرمین واپڈا سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے حصے میں سالانہ 45ملین ایکڑ فٹ پانی آتا ہے جس کا 80 فیصد 3 ماہ جبکہ بقیہ20فیصد باقی 9ماہ میں آتا ہے۔قبل ازیں اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان 5 ارب روپے یومیہ سود ادا کرتا ہے جب کہ اس کی شہری املاک کے 90 فیصدحصے کی قیمت 300 ارب سے زائد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاق میں موجود سرکاری اراضی اور اس پر قائم آرام گاہوں سے متعلق 90 فیصد اعداد و شمار میرے سامنے ہیں، ان ہوشربا اعداد و شمار کے مطابق 34 ہزار 459 کنال اراضی دیہی اور 17 ہزار 35 کنال اراضی شہری علاقے میں واقع ہے، محض شہری اراضی اور اس پر قائم عمارات کی قیمت 300 ارب روپے سے زائد ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایک ایسا ملک جو سود کی ادائیگی کے لیے بھی اپنی آئندہ نسلوں پر بوجھ ڈالتے ہوئے قرض کا سہارا لیتا ہے، وہ سرکاری اراضی عمارتوں کی شکل میں غیراستعمال شدہ سرمائے کے بڑے ڈھیر پر بیٹھا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ