کنٹڑول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال گولہ باری سے بزرگ شہری جاں بحق ،مسجد شہید 

156

راولپنڈی،آٹھ مقام(آن لائن+صباح نیوز) کنٹرول لائن پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کی،جس سے ایک بزرگ شہری جاں بحق جب کہ ایک مسجد شہید اور ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا،پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقے میرپور سماہنی کے سرحدی گاؤں جھامرہ میں شدید فائرنگ کی، بھارتی فوج کی جانب سے رات بھر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جب کہ فضا میں روشنی کے گولے بھی فائر کیے گئے،بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ اور وہاں موجود شہری شہید ہوگیا، شہید شخص کی شناخت گفتار حسین کے نام سے ہوئی ہے،پاک فوج نے بھی بھارتی چوکیوں پر گولا باری کی اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔ علاوہ ازیں بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پرلیپہ سیکٹر پر سویلین آبادی پر بلااشتعال چھوٹے اور میڈیم ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس سے یعقوب نامی شہری کا مکان تباہ ہو گیا۔بھارتی فوج نے سید پورہ موجی تیرڈھاکے دیہات کو بھی نشانا بنایا ہے جب کہ مارٹر گولے سے ایک مسجد مکمل طور پر شہید ہو گئی،فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا،فائرنگ و گولا باری سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا، تعلیمی ادارے بھی بند ہو گئے اور لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے لگے،پاک فوج کے موثر جواب کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔واضح رہے کہ رواں برس بھارتی افواج نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی 2 ہزار سے زیادہ خلاف ورزیاں کی ہیں جس کے نتیجے میں 33 بے گناہ شہری شہید جب کہ 122 زخمی ہوئے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ