پی ایف سی کاڈیم فنڈ میں 10 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان

30

اسلام آباد،لاہور(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان کے حالیہ پیغام میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے عطیات کی فراہمی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ملک میں مقیم اور سمندر پار رہنے والے پاکستانیوں میں مہم کا آغاز ہوا ہے۔سمندر پار مقیم پاکستانی ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیات کی فراہمی کے لیے انتہائی پرجوش ہیں کیونکہ وہ عمران خان کو ایک ایماندار اور پرعزم رہنما سمجھتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین دوسرے صارفین کو ڈیمز فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات دینے پر راغب کرتے نظر آتے
ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں عطیات کی فراہمی کی وزیراعظم کی درخواست کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانی انتہائی پرجوش ہیں اور انہوں نے 24 گھنٹے کے دوران لاکھوں ڈالرز کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ میں 10 لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے فنڈز جمع کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اٹھائے گئے اس عظیم اقدام کی بھر پورحمایت کی ہے۔پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق نے کہاہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنی ذمے داری ادا کرتے ہوئے پانی کے مسئلے پر قابو پائیں اور اپنی آئندہ نسلوں کے لیے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان دیں، آئندہ دنوں میں ہم اس فنڈ میں مزید عطیات بھی جمع کرائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ