سبی تا ہرنائی ریلوے ٹریک کی بحالی کا 95 فیصد کام مکمل

59

اسلام آباد (اے پی پی) نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) نے سبی سے ہرنائی تک ریلوے ٹریک کی بحالی کے منصوبے پر95 فیصد کام مکمل کر لیا جو دہشت گردی کی کارروائیوں کی وجہ سے2006ء میں تباہ ہو گیا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کو مختلف مقامات پر بم دھماکوں کے ذریعے شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جس میں دور افتادہ اور ناقابل رسائی علاقوں میں لوہے کے 22 پُل بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ مزید برآں طویل مدت تک مرمت نہ ہونے کی وجہ سے10 ریلوے اسٹیشن بھی ناقابل استعمال ہو چکے تھے ان میں سے 9 کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔ مارچ 2016ء میں پاکستان ریلوے نے سبی تا ہرنائی ٹریک کی بحالی اور مرمت کا منصوبہ این ایل سی کو تفویض کیا تھا۔ این ایل سی کے افسران، انجینئرز اور عملے نے نامساعد موسمی حالات اور سیکورٹی کا خطرہ مول لیتے ہوئے منصوبے پر کام کیا‘ منصوبے کا مشکل ترین کام لوہے کے پلوں کی تعمیر تھی جو کراچی میں تیار کر کے پروجیکٹ سائٹ تک پہنچائے گئے جہاں انہیں انتہائی مہارت کے ساتھ جوڑ دیا گیا۔ مجموعی طور پر9 ریلوے اسٹیشنوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے جن میں ہرنائی ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو اور سبی ریلوے اسٹیشن کی مکمل تزئیں و آرائش شامل ہے جسے بجا طور پر اب بلوچستان کا خوبصورت ترین ریلوے اسٹیشن کہا جاسکتا ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ