مصر میں 9ممالک کی فوجی مشقیں شروع ،20ستمبر تک جاری رہیں گی

57

قاہرہ (صباح نیوز)مصر میں خطے کی سب سے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز ہو گیا جس میں سعودی عرب اور 24دیگر ممالک شر یک ہیں ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری اور امریکی مشترکہ پروگرام برائٹ سٹار2018کی سرگرمیاں 20ستمبر تک جاری رہیں گی۔ فوجی مشقوں میں مصر، امریکا، یونان، اردن، برطانیہ، سعودی عرب، امارات، اٹلی اور فرانس کے فوجی حصہ لے رہے ہیں جب کہ 16دیگر ممالک بطور مبصر شریک ہیں۔تربیتی پروگرام کے مصری ڈائریکٹر نے کہا کہ برائٹ اسٹار مشقوں میں شریک ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے شعبے میں روابط کو مضبوط کرنے کے حوالے سے ایک پل شمار کی جا رہی ہیں۔ اس دوران تجربات کا تبادلہ اور جدید ترین ہتھیاروں اور جدید ترین ٹکنالوجی کے حامل ساز و سامان کے استعمال کا موقع میسر آئے گا۔فوجی مشقوں کے تربیتی پروگرام کے امریکی ڈائریکٹر برگیڈیئر جنرل جان میٹ نے میزبانی پر مصر کی مسلح افواج کے لیے خراج تحسین کا اظہار کیا۔ مشقوں میں 800سے زیادہ امریکی فوجی اہل کار شریک ہیں۔امریکی فوجی ترجمان کے مطابق رواں برس برائٹ اسٹار مشقوں کا مقصد مصری مسلح افواج کے برادر اور دوست ممالک کی افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ عمل کو ترقی دینا، مشترکہ بحری اور فضائی فورسز کی کارروائیوں کو منظم کرنا اور دہشت گردی کے مسلح ٹھکانوں پر حملوں کی تربیت حاصل کرنا ہے۔مشقوں کے دوران سینئر فوجی قیادت کے لیے سیمینار ہو گا تا کہ تربیتی اور عملی تجربات کا تبادلہ یقینی بنایا جا سکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ