مکئی کا دلیہ… جلد کے لیے قدرتی اکسیر

81

افشین حسین

پچھلے دنوں میں اپنی سہیلی کے گھر گئی اس نے مجھے اپنے فیملی البم میں سے اپنی دادی کی 50 برس پرانی تصویر دکھائی جس میں دادی کی جلد کی خوبصورتی دیکھ کر میں حیران رہ گئی ایک بھی کیل مہاسے یا داغ دھبے کی جلد پر موجودگی کا وہاں شائبہ تک نہ تھا حالانکہ چہرے پر شکنوں یا جھریوں کے جال تو بنے محسوس ہورہے تھے لیکن جلد کی رنگت ایسی نکھری ہوئی تھی جیسے کہ انگلستان سے آئے ہوئے کسی سفید فام باشندے کی ہوتی ہے۔ میں نے اپنی دوست سے پوچھا کہ آج سے 40-50 سال پہلے آخر کونسا ایسا بیوٹی سوپ دستیاب تھا جس کا استعمال تمہاری دادی کیا کرتی ہوں گی؟ تو میری دوست کے جواب نے مجھے ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔ اس نے کہا کہ اس کی دادی جو بیوٹی سوپ استعمال کرتی تھیں اس کا راز میری والدہ جانتی ہیں اور انہوں نے مجھے بتایا کہ ’’دادی اماں منہ دھونے کے لیے کوئی بیوٹی سوپ نہیں بلکہ کارن میل یعنی مکئی کا دلیہ استعمال کیا کرتی تھیں‘‘۔ یہ حقیقت میرے لیے بالکل نئی اور حیرت انگیز تھی۔ گھر آکر میں نے اس حوالے سے سرفنگ کی، مختلف ہربل بیوٹی میگزین کا مطالعہ کیا اور بہت سی ہربل بیوٹی ایکسپرٹس سے بھی رابطہ کیا تو مجھے پتہ چلا مکئی کے دلیے جیسا عمدہ و بہترین بیوٹی کلینزرڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا، ایسا بیوٹی کلینزرجس کے کوئی سائیڈ افیکٹ (منفی اثرات) بھی نہ ہوں اور نتائج بھی سو فیصد ہوں۔ بہت سے ہربل بیوٹی ایکسپرٹس کی رائے میں کارن میل (Corn Meal) یا مکئی کا دلیہ ایک بہت مؤثر کلینزر اور انتہائی فائدہ مند نیچرل بیوٹی پروڈکٹ ہے جو دورانِ غسل ایک نیچرل اسکرب کے طور پر استعمال کرتے ہوئے جلد کی صفائی کے ساتھ اس کی چمک، لچک میں اضافہ اور جلد پر دوران خون کی گردش کو ہموار و متوازی کرنے میں بہترین معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ جلد پر سے میل کچیل و گردوغبار کا بہ سرعت خاتمہ کرتا ہے۔ غسل کے دوران مکئی کے آٹے کا استعمال کرنے کے لیے جلد کو پہلے نارمل صابن سے رگڑ کر دھولیں اس کے بعد جلد پر کارن میل چھڑکیں ہاتھوں کی مدد سے ہلکے ہلکے ملتے ہوئے اسے جلد پر اچھی طرح لیں اس کی بٹیں جلد پر بننے لگیں تو جلد کو پانی سے دھو کر اسے صابن سے دوبارہ دھوئیں۔ اس طرح رگڑ کر دھونے سے جلد پر قدرتی چمک پیدا ہوجائے گی۔ اگر آپ کارن میل کا استعمال پہلی مرتبہ کررہی ہیں تو ابتداء میں جلد کو بہت سختی یا بہت تیزی سے رگڑنے سے گریز کریں۔ ہوسکتا ہے کہ ابتداء میں کارن میل کو بطور کلینزنگ پروڈکٹ کے استعمال کرنا آپ کو بہت ناخوشگوار تجربہ لگے یا اسے استعمال کرتے ہوئے آپ کو دشواری محسوس ہو لیکن جب اس کے استعمال کے مفید نتائج آپ اپنی جلد پر جلد کی خصوصی چمک، لچک اور ملاحت کی صورت میں فوری طور پر ملاحظہ کریں گی تو آپ یقینی طور پر کارن میل کی شاندار خوبیوں کی قائل ہوجائیں گی۔ اس کے علاوہ کارن میل کے مسلسل استعمال کے نتیجے میں آپ کی جلد کی رنگت میں بھی ایک خصوصی نکھار پیدا ہونا شروع ہوجائے گا اور اس کے مسلسل استعمال سے آپ کی جلد بھی اس نیچرل اسکربنگ پروڈکٹ کی عادی ہوجائے گی اور آپ بنا کسی پریشانی کے اسے استعمال کرسکیں گی۔
ہر صبح جب آپ اپنا منہ دھونے لگیں تو پہلے اپنے واش کلاتھ کو گیلا کرکے اس پر کارن میل چھڑک کر اپنے چہرے پر اسے ملیں اور ملاحت کے ساتھ رگڑیں یہ عمل جلد کے مسامات میں خون کی گردش میں اضافہ کرنے کے ساتھ اعصاب اور چہرے کے پٹھوں کو فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ مسامات کی اس عمل پذیری میں بھی اضافے کا محرک بنے گا جس کی رو سے مسامات میں سے میل کچیل باآسانی نکالا جاسکتا ہے۔ بلیک ہیڈز اور پمپلز کے خاتمے میں بھی یہ ایک بہترین معاون کا کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کارن میل چکنی جلد کی پریشانیوں کے ازالے کے لیے بھی ایک اکسیر قدرتی بیوٹی پروڈکٹ کا کردار ادا کرتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ