عامر خان نے سپر ویلٹر ویٹ باکسنگ فائٹ جیت لی

55

برمنگھم (جسارت نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سپر ویلٹر ویٹ مقابلے میں پوائنٹس کی بنیاد پر کینیڈین کولمبین حریف سیموئیل ورگاس کو شکست دے دی۔ عامر خان اور سیموئیل ورگاس کے درمیان 12 راؤنڈز تک کی فائٹ ہوئی جس میں عامر خان نے شاندار باکسنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی۔ یہ باکسر عامر خان کی 37 مقابلوں میں سے 33 ویں فائٹ تھی جو انہوں نے اپنے نام کی۔ برمنگھم کے باکسنگ ارینا میں دونوں باکسرز کے درمیان فائٹ منعقد ہوئی جسے دیکھنے کیلئے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی باکسنگ ایرینا میں موجود تھی۔ دونوں باکسرز کے درمیان فائٹ شروع ہوئی تو پاکستان نژاد باکسر عامر خان فائٹ کے آغاز سے ہی اپنی حریف کولمبیئن باکسر پر حاوی ہوگئے اور خوب گھونسوں کی بوچھار کردی، حریف باکسر نے بھی خوب دفاع کیا، مقابلے کے دوران باکسر ورگاس کے مکے سے ایک مرتبہ عامر خان رنگ میں گرے بھی تاہم فوری طور پر سنبھلنے میں کامیاب رہے اور چند ہی لمحوں میں ایک مرتبہ پھر مکوں کی برسات کردی جس کے نتیجے میں 12 راؤنڈ تک فائٹ جاری رہنے کے بعد باکسر عامر خان نے حریف سیموئیل ورگاس کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی۔ تینوں ججوں نے متفقہ طور پر عامر خان کے حق میں فیصلہ دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل میں عامر خان فل لو گریکو سے مقابلہ کیا تھا جو اْنہوں نے صرف 39 سیکنڈز میں جیتا تھا۔ باکسر عامر کی ایک اور فائٹ دسمبر میں بھی متوقع ہے جس کیلئے ملیشیئن باکسر مینی پیکیؤ اور باکسر کیل بروک سے بات چیت جاری ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ