وزیراعظم سے بہتر کھلاڑیوں کے مسائل کو کوئی نہیں سمجھ سکتا، جان شیر خان

56

اسلام آباد (جسارت نیوز) اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیرخان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کھیلوں کے علاوہ دوسرے شعبوں میں ترقی کرے گا،گذشتہ روز جاری بیان میں انہوں نے عمران خان کو پاکستان کا 22 و اں کامیاب وزیر اعظم منتخب ہونے پر اُن کو اور انکی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان کامیابیوں کی منازل طے کرتا ہوا دنیا کا ایک بہترین اور خودمختار ملک بنے گا۔ 10سال تک ا سکواش کے میدان میں دنیا پر حکمرانی کرنے والے جان شیر خان نے اس اُمید کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پاکستان کی تمام اسپورٹس اور بالخصوص پاکستان اسکواش کی بحالی کے لئے اور اسکو کامیابی کی جانب گامزن کرنے اور دنیا میں کھیلوں میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے اور ساتھ ہی حکومتی سطح پر پاکستان اسکواش فیڈریشن اور پاکستان ائیر فورس کے ساتھ ملکر اسکواش کو جو مسائل درپیش ہیں انکا ازالہ کرینگے، جان شیر خان کا کہنا تھا کہ نو منتخب وزیر اعظم چونکہ خود ایک بہت بڑے کھلاڑی رہ چکے ہیں اس لیے ان سے بہتر کھیل اور کھلاڑیوں کے مسائل کو کوئی نہیں سمجھ سکتا، 4مرتبہ سوپر سیریز کے ریکارڈ ہولڈر جان شیر خان نے وزیر اعظم عمران خان کی منتخب ٹیم کی جانب سے پی ٹی وی کے ایک نئے اسپورٹس چینل کے اجرا پر انکے کردار کو بھی خوب سراہا جس پر کرکٹ کے علاوہ بقایا تمام کھیلوں کے مقابلوں کو دکھایا جائیگا جو کہ ایک بڑا اقدام ہے۔ اس اقدام سے کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی ترجیح ملے گی جو کہ پہلے نہیں ملتی تھی، جان شیر خان نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے ا سکواش کے میدان میں 1950 سے جو ناقابل تسخیر کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے،پاکستان اسکواش فیڈریشن کو حکومت کی جانب جو 30فیصد فنڈ ملتا ہے وہ ناکافی ہے، پاکستان ا سکواش فیڈریشن کو بقایا 70 فیصد فنڈز پاکستان ائیر فورس کی جانب سے ادا کیا جاتا ہے اور یہ پاکستان ائیر فورس کا اسکواش میں خصوصی دلچسپی اور لگاؤ کا ثبوت ہے جو ایک قابل تعریف ہے،عالمی چیمپئن جان شیر خان نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا حکومت کی جانب سے ملنے والے 30 فیصد فنڈز کو بڑھانے اور حکومتی سطح پر اسکواش کو تعاون کرنے میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے، جان شیر خان نے مزید کہا کہ ملک میں اسکواش کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سخت سے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے اور اسی محنت سے ہی ا سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے، کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنی چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ پریکٹس ہو سکے،آخر میں انہوں نے کہا کہ سرینا ہوٹل چیف آف ائیر اسٹاف انٹرنیشنل ٹورنامنٹ آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں ملکی اور غیر ملکی مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کرینگے اور پاکستانی کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ