جیکب آباد، مسائل کے حل کے لیے تحریک چلائیں گے ،شہری اتحاد 

45

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) ووٹ نہ دینے پر جیکب آباد کے عوام کو تنگ کیا جارہا ہے، شہر گندگی میں دھکیل دیا گیا ہے، بلدیہ چیئرمین شہر میں صفائی کے بجائے کرپشن میں مصروف ہیں، معطل کیا جائے، مسائل کے حل کے لیے محرم کے بعد تحریک چلائیں گے، شہری اتحاد کا اعلان۔ شہری اتحاد کے صدر محمد اکرم ابڑو، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، احمد علی بروہی، حاجی غلام نبی رند و دیگر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ڈی پی سی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیکب آباد شہر کو جان بوجھ کر گندگی میں دھکیل دیا گیا ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور سیوریج کے پانی سے سڑکوں پر تالاب بنے ہوئے ہیں اور چار ماہ سے شہر کا میٹھا پانی تک بند کردیا گیا ہے۔ بلدیہ چیئرمین الیکشن میں ووٹ نہ دینے پر شہریوں پر برہم ہیں اور شہریوں کو ووٹ نہ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔ بلدیہ ایک ایسے شخص کے حوالے کی گئی ہے، جس کو سوائے کرپشن کے کچھ نہیں پتا، میونسپل چیئرمین اپنے کونسلرز تک کو دھمکا رہا ہے۔ ان کو غصہ ہے کہ کونسلرز نے انہیں حالیہ جنرل الیکشن میں ووٹ نہیں دیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کی خدمت کرتے تو ووٹ ملتے۔ سابق رکن اسمبلی اعجاز خان کی ہار ان کے اپنوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔ انہوں نے واٹر کمیشن کے سربراہ امیر مسلم ہانی سے مطالبہ کیا کہ شکارپور کی طرح جیکب آباد کے بلدیہ چیئرمین کو بھی معطل کیا جائے۔ بلدیہ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے، جس کے ثبوت ملے ہیں۔ صرف سوشل ویلفیئر فنڈز کی مد میں ایک کروڑ 40 لاکھ روپے نکلوائے گئے، کوئی ایک کونسلر بتائے کہ اسے سلائی مشین یا دوسرا کوئی سامان دیا گیا ہے۔ چار سال میں کروڑوں روپے ہڑپ کیے گئے، جس کیخلاف ہم نیب جائیں گے۔ روز مختلف محلوں کے مکین شکایات لے کر ہمارے پاس آرہے ہیں، لوگ بیزار بیٹھے ہیں، ایک کال پر بلدیہ کا گھیراؤ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی کا مسئلہ ہے۔ دستگیر کالونی کو گیس کی فراہمی آج سے شروع ہوگی جبکہ اے ڈی سی کالونی، پھول باغ محلہ اور رائفل ناکہ کے علاقے میں 29 کلو میٹر تک نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ