حیدر آباد، واپڈا ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر بونس دینے کا اعلان

36

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (CBA) کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی کمپنی واپڈا کے ملازمین کو یونین کے مطالبے پر ان کی کارکردگی کی بنیادپر ایک ماہ کی تنخواہ کے برابر اعزازیہ (بونس) دلانے کے احکامات کا اجرا کرادیا گیا ہے، جس کا اطلاق بی پی ایس ایک سے لیکر بی پی ایس 20 تک تمام ملازمین بشمول افسران پر یکساں ہوگا، وہ ادارے کے ریگولر، کنٹریکٹ، کچے اور ڈیلی ویجز ملازمین ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن جی ایس او کے زونل سیکرٹری صفدر صدیقی و مہر اللہ اور ایم اینڈ ٹی کے زونل چیئرمین راجا آفریدی کی قیادت میں لیبر ہال آمد کے موقع پر کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنما اقبال احمد خان، ملک سلطان علی، اعظم خان، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ، ریحان اقبال قائمخانی، عبدالمناف نظامانی، ہاشم علی، عبدالوحید پٹھان اور راؤ سعید احمد بھی موجود تھے۔ عبداللطیف نظامانی نے مزید کہا کہ یونین کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ادارے کے ملازمین کو ان کی اچھی کارکردگی کی بنیاد پر اضافی فائدہ دیا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے اور ان کی دیکھا دیکھی دیگر بھی بڑھ چڑھ کر ادارے کی ترقی میں مزید حصہ ڈال سکیں، میں این ٹی ڈی سی کے ملازمین کو اپنی اور یونین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اس کے ساتھ میں دیگر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین سے پرامید ہوں کہ وہ بھی NTDC کی طرح اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر، ادارے کی آمدنی بڑھانے اور بجلی چوری و لائن لاسز کو قابو پانے میں اپنا احسن کردار ادا کرتے ہوئے ادارے کامیاب و کامران بنائیں گے۔ اس موقع پر جو دیگر عہدیداران موجود تھے، ان میں زاہد حسین، محمد اشرف، رانا طارق علی، سید ابن علی، شوکت، علی احمد ڈاھری، مجیب الرحمن، محمد آصف، محمد اشرف، محمد یاسین، ذوالفقار، سلمان ناصر، ممتاز علی کھوکھر، عقیل احمد، فرحان علی، محمد خالد، طفیل، حبیب الرحمن، عبید اللہ، محمد اکرم، احسن، فہیم اکرم، ایوب آرائیں شامل ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ