بھٹ شاہ، محرم میں 2500 سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار مقرر 

28

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) محرم میں ضلع بھر میں 2500 سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار مقرر کیے جائیں گے، فرقہ واریت کی تقریر پر پابندی ہوگی، تمام افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ ایس ایس پی مٹیاری سید زاہد حسین شاہ کی صدارت میں محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی ایس پی ہالا غلام سرور ببر، سی آئی اے انچارج رحیم کھوسو، پی ایس او رجب علی جمالی، ایس ایچ او بھٹ شاہ مختار ڈیرو سمیت ضلع بھر کے ایس ایچ او، ڈی ایس پی نے شرکت کی۔ ایس ایس پی مٹیاری نے بتایا کہ محرم الحرام کے درمیان 2500 سے زائد پولیس اور رینجرز کے اہلکار مقرر کیے جائیں گے، ماتمی جلوس اور مجالس کی سخت نگرانی کی جائے گی، ان کی وڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ حساس مقامات پر رینجرز اور پولیس مقرر کی جائے گی جبکہ اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرا اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے جائیں گے۔ فرقہ واریت کی تقریر پر مکمل پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والے علما کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ نیشنل ہائی وے اور لنک روڈوں پر رینجرز اور پولیس کا گشت اور چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ ضلع بھر میں محرم الحرام میں سیکورٹی کے سخت سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ اجنبی گاڑیوں اور شکی افراد پر کڑی نظر رکھیں، مجالس اور جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کی تلاشی لی۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علما کرام سے اپیل کی کہ آپس میں بھائی چارے کی فضا برقرار رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کریں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ