ن لیگ سندھ میں از سر نو پارٹی کی تنظیم سازی کرے گی، شاہ محمد شاہ

28

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کی تمام تنظیمی باڈیز تحلیل کرکے ایڈوائزری کونسل بنادی ہے، جو پورے سندھ میں از سر نو پارٹی کی تنظیم سازی کرے گی۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف جلد ہی سندھ کا دورہ کریں گے۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ وردی کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے لیکن پاکستان میں جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔ چوں چوں کا مربہ بناکر ملک میں حکومت بنائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے آتے ہی گیس کی قیمت میں 40 فیصد اضافہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت نے بجلی کی سبسڈی دے کر اس کی قیمت 3 روپے کم کی تھی لیکن اس حکومت نے آکر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے اضافہ کردیا ہے۔ اسی طرح کھاد کی بوری پر 800 روپے کا اضافہ کردیا ہے، جس کا مقصد جہانگیر ترین کو امیر ترین بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات کو پاکستان کی تمام جماعتیں مسترد کرچکی ہیں۔ تمام پارٹیوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران جس طرح خلائی مخلوق نے مسلم لیگ میں توڑ پھوڑ کی، ہمارے رہنماؤں کو اٹھاکر مخالف جماعتوں میں شامل کروایا، یوٹرن خان کو وزیر اعظم بنایا گیا ہے، جو چند ہی دنوں میں ناکام ہوں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ