دین مذہب نہیں بلکہ اسلام خود ایک اسٹیٹ ہے‘شاہد ہاشمی

81
جماعت اسلامی بن قاسم کے تحت ناظمین کے تربیتی اجتماع سے سیدشاہد ہاشمی ‘عبدالجمیل ‘مفتی ضیاء الرحمن فاروقی اوردیگر مقررین خطاب کررہے ہیں
جماعت اسلامی بن قاسم کے تحت ناظمین کے تربیتی اجتماع سے سیدشاہد ہاشمی ‘عبدالجمیل ‘مفتی ضیاء الرحمن فاروقی اوردیگر مقررین خطاب کررہے ہیں

کراچی(پ ر)عالمی استعماری قوتیں ہماری راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔دنیا پر شیطانی قوتوں اور ان کے آلہ کاروں کا قبضہ ہے ۔زمین میں خیر وشر کی دائمی کشمکش ہے۔انسانی تاریخ کشمکش کا نام ہے۔دین مذہب نہیں بلکہ اسلام خود ایک اسٹیٹ ہے۔اسلام زمین پر معاملات درست کرنے کیلیے آیا ہے ۔شر اور بدی کی قوتیں مضبوط ہیں ۔جتنا زور نیکی کی قوتیں لگا رہی ہیں اس سے زیادہ کہیں زیادہ زوربدی کی قوتیں لگا رہی ہیں۔نیکی کی قوتیں غیر منظم اور بدی کی قوتیں منظم ہیں ۔ نوجوانوں کو اقامت دین کے کام کیلیے آگے آنا ہوگا۔یہ بات اسلامی ریسرچ اکیڈمی کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر سید شاہد ہاشمی نے جماعت اسلامی ضلع بن قاسم کے تحت ہر سطح کے ناظمین کے اجتماع سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم عبدالجمیل خان،جمعیت اتحادالعلماء ضلع بن قاسم کے صدر مفتی ضیاء الرحمان فاروقی ،نائب امیر ضلع سلطان احمد نجمی ،مسجد یوسف کے خطیب قاری منصوراحمد اورسیکرٹری ضلع مرزا فرحان بیگ نے بھی خطاب کیا ۔ سید شاہد ہاشمی نے کہا کہ موجودہ حالات میں فکری طور پر اہل خیر کا کام بڑھ گیا ہے ۔تاریکی جب پھیل جاتی ہے تو روشنی کی جاتی ہے ۔ہمارا کام ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور زندگی کا مقصد ہی پورا نہیں ہوا ہے ۔ا یسے حالات میں ہمیں اپنے گھروں کا ایمان سلامت رکھنا ضروری ہوگیا ہے ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ نظریاتی تحریکوں کے کارکنان کے اوصاف بلند ہونے چاہیے۔ ناظمین ہماری تحریک کا ستون ہیں ۔ایک اچھا ناظم ہی بہتر نتائج فراہم کرسکتا ہے ۔مفتی ضیاء الرحمان فاروقی نے کہا کہ ہمیں آپس کے تعلقات کو اور زیادہ بہتر بناناہوگا۔ سلطان احمد نجمی نے کہا کہ ہمیں اپنی دعوت موثر بنانے کیلیے قرآن سے تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ