عوام حکومت کے غیر منطقی اقدامات اور فیصلوں سے خوفزدہ ہونے لگے‘ن لیگ

36

کراچی(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ قوم کا اعتماد متزلزل اور امیدیں دم توڑنا شروع ہوگئی ہیں۔ امن و امان سے لے کر ملکی معیشت، دفاع، عوامی مسائل تیزی سے گمبھیر صورتحال کی جانب جا رہے ہیں. کراچی سے خیبر تک ہر پاکستانی خود کو غیر محفو ظ اور ملک کے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی صورتحال میں الجھا ہوا محسوس کرنے لگا ہے. عام پاکستانی کی زندگی میں کوئی مثبت تبدیلی آنے کے خواب ادھورے رہ گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر علی اکبر گجر نے چند روزہ حکومت کے منفی اقدامات اور ریاست کے مایوس کن حالات میں آنے والی تیزی کو پاکستان کے مستقبل کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں محمدنواز شریف کی اقتدار سے جبر ی علیحدگی کے بعدایٹمی طاقت رکھنے والا پاکستان غیر یقینی حالات میں گھرتا جا رہا ہے ۔عوام انجینئرڈ انتخابات کے نتیجے میں مسلط کی جانے والی موجودہ حکومت کے غیر منطقی اقدامات اور فیصلوں سے خوفزدہ ہونا شروع ہوگئے ہیں. چند دنوں میں ہی پاکستانی قوم کو مسلم لیگ(ن)کی حکومت کی یاد ستانے لگی ہے. تبدیلی کے نام پر عوام کے اعتماد پر ڈاکا ڈالنے والوں اقتدار میں آتے ہی ملکی خزانے اور عوام کی جیبوں پر بھی ڈاکے مارنے شروع کر دیے ہیں. گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عام شہری سے لے کر چھوٹے بڑے تمام صنعت کاروں کی کمر ٹوٹ جائے گی. کھاد کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ملکی زراعت کو مفلوج کرنے کا باعث بنے گاچند دنوں کے اقتدار میں ہی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کو اس بات کی سزا ہے کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو ووٹ کیوں نہیں دیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ