محرم الحرام کا تقدس برقرار رکھنے کیلیے صوبائی محکموں کو ہدایات جاری

18

کراچی( اسٹا ف رپورٹر ) چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ نے محرم الحرام کے تقدس کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں تمام صوبائی محکموں ، کمشنرز ، ڈپٹی کمشنر ، سندھ پولیس اور متعلقہ مربوط اداروں کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی ہیں۔گزشتہ روز چیف سیکرٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مذکورہ حکام کو محرم الحرام کے تقدس کو برقرار رکھنے کے پیش نظر ضابط اخلاق کی پابندی یقینی بنانے پر زور دیا گیا تھا۔اجلاس میں تمام متعلقہ افسران سے صلاح ومشورے اور مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے وڈیو کانفرنس کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سندھ کیپٹن ریٹائرڈ عبدالکبیر قاضی ، انسپکٹر جنرل سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ ، سیکرٹری امپلی مینٹیشن سید محسن علی شاہ ، سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ اور دیگر متعلقہ افسران سمیت نفاذ قانون کے اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی تھی۔اجلاس میں بین الصوبائی سرحدوں کی کڑی نگرانی دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری ، لاؤڈاسپیکر کے استعمال اور متنازع تقاریر کرنے والے مقررین پر بعض اضلاع میں داخلے پر پابندی یقینی بنانے ،محکمہ صحت کے تحت اسپتالوں اور سفارتخانوں میں مکمل عملے کی حاضری ، جان بچانے والی ادوایات کی دستیابی اور ایمبولینس سروس بحال رکھنے کے ساتھ ساتھ جلوس کے راستوں پر طبی امداد کے کیمپ نصب کرنے کے علاوہ بجلی، پانی و صفائی اور جلوسوں ومجالس کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے متعلقہ عملہ و منتظمین سے رابطہ کی ہدایت دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے واضح کیا تھا کہ اس سلسلے میں خوش اسلوبی سے خدمات انجام دی جائیں گی۔انہوں نے محرم کے دوران مقدس مقامات اور مجالس و جلوس میں شرکت کرنے والے افراد بشمول مزارات پر حاضری دینے والے زائرین کی خصوصی حفاظت کی ہدایات بھی کی تھی۔محکمہ صحت نے اسی سلسلے میں ایمرجنسی پلان تشکیل دیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ