اسٹریٹ چلڈرن کی بڑی وجہ غربت اور ناقص تعلیمی ادارے ہیں ‘سعید غنی

39

کراچی(صباح نیوز)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسٹریٹ چلڈرن کی سب سے بڑی وجہ غربت اور ناقص تعلیمی ادارے ہیں تاہم اس میں گداگرمافیا کا بھی بڑاکردار ہے جو بچوں کو معذور کرکے بھیک منگواتے ہیں۔ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔چائلڈ لیبر ایکٹ میں ترمیم کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام بھی تعاون کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقرا یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے دیگرمسائل کی طرح اسٹریٹ چلڈرن انسانی مسئلہ ہے اور سب سے بڑی وجہ غربت اور ناقص تعلیمی ادارے ہیں۔ماضی میں ایسی اسکیموں پرغورہوا کہ بچوں کا وظیفہ مقررکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے مافیا کا بھی بہت بڑا رول ہے جوبچوں کو جان بوجھ کر معذور کرکے بھیک منگوانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔بھیک منگوانا غلط لیکن اس مقصد کیلئے بچوں کو معذور کرناانتہائی غیرانسانی فعل ہے جسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔چائلڈ لیبر ایکٹ میں ترمیم کی کوشش کررہے ہیں۔حکومت کے ساتھ معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے۔ بھیک مانگنے والوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔قبل ازیں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا اقراء یونیورسٹی پہنچنے پر طلبہ و اساتذہ نے استقبال کیا ۔انہوں نے مباحثے میں شریک طلبہ و طالبات میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ