محرم الحرام کیلیے افسران کوکنٹی جنسی پلان جلد مرتب کرنے کی ہدایت

28

کراچی(صباح نیوز)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سعید احمد مینگیجوکی ہدایت پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن اسد اللہ ابڑوکی زیرصدارت اجلاس میں محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام افسران کو کنٹی جنسی پلان جلد از جلد مرتب کرنے اورشہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام چائنیز کنٹریکٹرز اور لوکل کنٹریکٹرز کو ہدایت دیں کہ وہ معمول کا کچرا اٹھانے کے ساتھ ساتھ بالخصوص امام بارگاہوں وجلوس کے راستوں کی صفائی ستھرائی کے لیے حکمت عملی مرتب دیں تاکہ شہریوں کو تکلیف نہ ہو۔دریں اثناء شکایتی مراکز کو فعال رکھنے اور عوامی شکایات بروقت متعلقہ افسران تک پہچانے کے عمل کوتیز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ بالخصوص محرم کے حوالے سے صفائی کی رپورٹ روزانہ پیش کی جائے تاکہ کام میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جاسکیں ۔ انہوں نے اسٹنٹ ڈائریکٹر جی ٹی ایس سے جی ٹی ایس کی صبح و شام کی رپورٹ بھی روزانہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کوریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈی ایم سیز کے چیئرمین سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مکمل کورآڈینشن اور تعاون یقینی بنایا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ