ڈیم کی مخالفت کرنے والے ملک دشمن ہیں، حلیم عادل شیخ

35

کراچی( اسٹا ف رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پانی زندگی ہے، اگر پانی نہیں رہے گا تو جینا مشکل ہوجائے گا، عمران خان پاکستانی قوم کی آنے والی نسلوں کے لیے بھی فکر مند ہیں، ملک کے اندر اور باہر رہنے والے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں تاکہ ملک کو پانی کی قلت سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے ملک میں پانی کے ذخائر نہیں رہتے جس کی وجہ سے خشک سالی آجانے کے بعد قحط کا سماں بن جاتا ہے، انہوں نے کہا بھاشا ڈیم بنایا جائے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں پانی کے لیے پریشان نہ ہوں، انہوں نے کہا جو لوگ ڈیم کی مخالفت کرتے ہیں وہ ملک دشمن ہیں وہ ملک کو ترقی یافتہ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں، حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد قوم بڑی تعداد میں پیسے ڈیم فنڈ میں جمع کرا رہی ہے ۔ میں بھی اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں کرانے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر عارف علوی ملک کے بہترین صدر ثابت ہونگے، پچھلے صدور کی طرح وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے ملک کی ترقی کے خاطر ان کو بھی کام کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں خشک سالی کی وجہ سے قحط کا اندیشہ ہے اگر سندھ حکومت پہلے سے اقدامات کرتی تو آج یہ دن دیکھنے نہ پڑتے ، پچھلے ادوار میں کسی بھی حکومت نے کوئی منصوبے نہیں بنائے، میٹرو ٹرینوں پر اربوں روپے اڑا دیے ،اگر ڈیم بنا ئے جاتے تو آج ملک میں پانی کی قلت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا اب نئے پاکستان میں ایسا نہیں چلے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ