اہم خبریں

111

صدر مملکت کا حلف اُٹھانے پر عارف علوی کواعلیٰ شخصیات کی مبارکباد
اسلام آباد (اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم خان سوری نے ڈاکٹر عارف الرحمن علوی کو ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں صدر مملکت کا حلف اٹھانے پر انہوں نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت عارف الرحمن علوی کے انتخاب سے ان پر اراکین قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین سمیت قومی قیادت کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب صدر کا حلف اٹھانا ملک میں پر امن انتقال اقتدار اور جمہوری روایات کے لیے باعث اعزاز ہے اعلیٰ حکومتی شخصیات و ارکان پارلیمان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو فعال اور متحرک شخصیت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ملک کی ترقی بالخصوص صحت و تعلیم سمیت سماجی شعبے کی بہتری میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں گے۔ اتوار کو ایوان صدر میں نو منتخب صدر کی حلف برداری کے موقع پرصدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے سربراہ مملکت کو اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی ملک کے تمام شہریوں کے لیے ہم آہنگی کا ذریعہ ہوں گے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ یہ پورے پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے لیے تاریخی دن ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی پارٹی وابستگی سے قطع نظر ملک کی بہتری کے لیے اپنی آئینی ذمے داریاں ادا کریں گے۔

مقبوضہ کشمیر:کم سن آصفہ کی میڈیکل رپورٹ میں عصمت دری کی تصدیق
سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ضلع کٹھوعہ کے علاقے رسانہ میں 8سالہ بچی آصفہ کی موت آبروریزی اور گھٹن کی وجہ سے ہوئی تھی۔رپورٹ عدالت میں
پہلے ہی پیش کی جاچکی ہے۔ آصفہ کی آبروریزی اور قتل کا بہیمانہ واقعہ رواں برس جنوری میں پیش آیا تھا۔

پی کے 23شانگلہ میں ضمنی انتخاب آج ہوگا
پشاور (صباح نیوز)خیبر پختونخواہ میں پی کے23 شانگلہ میں ضمنی انتخاب آج ہو گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں 25جولائی کو پی کے 23 شانگلہ میں خواتین کے10فیصدسے کم ووٹ پول ہونے پر دوبارہ انتخابات کروائے جارہے ہیں جو آج ہونگے ،انتخابات میں اس نشست سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت علی یوسفزئی کامیاب ہوئے تھے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی کے 23 شانگلہ میں انتخاب پاک فوج کی نگرانی میں ہوگا۔ الیکشن کمیشن پاک فوج کی تعیناتی اور اختیارات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرچکاہے۔پاک فوج کے اہلکار وں نے باقاعدہ پولنگ اسٹیشنزکاکنٹرول سنبھال لیا ۔ پاک فوج کے افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہونگے۔پاک فوج کے جوان 11 ستمبر تک تعینات رہیں گے۔

دہشت گردی میں ملوث 16 ہزار 22 ملزمان کو گرفتار کیا ، وزارت داخلہ
اسلام آباد (اے پی پی)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ 5 سال کے دوران دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث 16 ہزار 22 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن میں سے 2525 کو سزائیں بھی دی جا چکی ہیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پنجاب میں گزشتہ پانچ سال کے دوران 10 ہزار 993 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 2013ء کے دوران 1419، 2014ء میں 2342، 2015ء میں 2965، 2016ء میں 2379 اور 2017ء کے دوران 1888 ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اسی طرح صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر گزشتہ 5 سال کے دوران 2728 افراد جبکہ بلوچستان میں 147 اور خیبرپختونخوا میں 1967 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت میں 61 جبکہ گلگت بلتستان میں 126 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن 2525 مجرموں کو سزائیں دی گئی ہیں ان میں سے 2013 کے دوران 328، 2014ء میں 401، 2015ء میں 765، 2016ء میں 496 اور 2017ء میں 535 افراد کو سزائیں دی گئی ہیں۔

پاناما اسکینڈل، 15کیس کے ٹیکس کی مد میں6ارب 20کروڑ وصول
اسلام آباد(آن لائن)ایف بی آر نے پاناما پیپرز اور پیراڈائز پیپرز کے اسکینڈلز میں ملوث افراد سے ٹیکس کی مد میں 15 کیسز میں سے 6 ارب 20 کروڑ روپے کی رقم وصول کرلی ہے جبکہ 4 ارب 64 کروڑ روپے کی وصولی ابھی باقی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے ایک بڑے کاروباری خاندان کو 6 نوٹسز جاری کیے گئے تھے جن میں ان سے 4 ارب 60 کروڑ روپے ادا کرنے کا کہا گیا تھا تاہم ان سے اب تک صرف ایک کروڑ 50 لاکھ روپے ہی وصول ہوسکے ہیں کراچی کی ایک کاروباری شخصیت سے 3 ارب 16 کروڑ 40 لاکھ روپے ٹیکس کا مطالبہ کیا گیا تھا اور کراچی کے ایل ٹی یو نے یہ پورا ٹیکس وصول کیااس کے علاوہ کراچی کی ہی ایک اور کاروباری شخصیت سے 2 ارب 69 کروڑ 10 لاکھ روپے ٹیکس کا مطالبہ کیا گیا تھا جو بھی کراچی کے ایل ٹی یو نے پورا وصول کیادیگر پیش رفت میں کراچی کے ایل ٹی یو نے شہرِ قائد کی ایک اور کاروباری شخصیت سے 35 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیاواضح رہے کہ پاناما پیپرز اسیکنڈل منظر عام پر آنے کے بعد ایف بی آر کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے 4 سو 44 نوٹسز جاری کیے تھے ،151 پاکستانیوں کو 73 کیسز میں ارسال کیے جانے والے نوٹسز موصول نہیں ہوئے تھے، جس کی وجہ غلط یا نامکمل پتہ بتائی گئی تھی اس کے ساتھ ساتھ 78 کیسز پاکستانیوں کے کوائف مکمل نہ ہونے کی وجہ سے انہیں موصول نہیں ہوسکے تھے، جبکہ 17 کیسز دیگر وجوہات کی وجہ سے رجسٹرڈ نہیں کیے گئے تھے نتیجتاً صرف 276 کیسز میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان افراد کو نوٹس جاری کیا گیا تھا جن کے کوائف اور گھر کے پتے مکمل تھے اور ان کے بارے میں یہ بھی تصدیق ہوچکی تھی کہ ان کی آف شور کمپنیاں موجود ہیں دوسری جانب پیراڈائز پیپرز لیکس میں 38 افراد کی نشاندہی کی گئی تھی جنہوں نے بیرونِ ملک جائیداد خریدیں، تاہم ایف بی آر کی جانب سے ان تمام افراد کو نوٹسز جاری کیا گیا جن کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔

سینیٹ کی بلوچستان سے خالی نشست پر الیکشن 12ستمبر کو ہو گا
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) سینیٹ کی بلوچستان سے خالی نشست پر الیکشن 12ستمبر کو ہو گا ، پولنگ بلوچستان اسمبلی میں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی بلوچستان سے خالی نشست پر الیکشن بدھ کو ہو گا ، جس کے لئے پولنگ بلوچستان اسمبلی میں ہو گی ،سینیٹ کی یہ نشست نعمت اللہ زہری کے مستعفی ہو نے کے باعث خالی ہو ئی تھی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ