عارف علوی نے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا 

90
اسلام آباد :چیف جسٹس ثاقب نثار عارف علوی سے صدر کے عہدے کا حلف لے رہے ہیں‘ عمران خان اور ممنون حسین بھی موجود ہیں
اسلام آباد :چیف جسٹس ثاقب نثار عارف علوی سے صدر کے عہدے کا حلف لے رہے ہیں‘ عمران خان اور ممنون حسین بھی موجود ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں) نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی سادہ مگر پروقار تقریب اتوار کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور سبکدوش ہونے والے صدر ممنون حسین بھی موجود تھے۔ حلف برداری کی تقریب میں پاکستان کے دورے پر موجود سعودی عرب کے وزیر اطلاعات و ثقافت عواد بن صالح اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ بلوچستان
جام کمال خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، صدر آزاد کشمیر مسعود خان، گورنر گلگت بلتستان حفیظ الرحمن، وفاقی وزرا، اعلیٰ سول و فوجی حکام شریک تھے۔ تقریب میں غیر ملکی سفراء، اراکین پارلیمان، سیاسی رہنماؤں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں بگل بجا کر نو منتخب صدر مملکت اور وزیراعظم کی آمد کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے قومی زبان اردو میں نو منتخب صدر سے حلف لیا۔ بعد ازاں کابینہ سیکرٹری نے صدر مملکت کے منصب کو سنبھالنے کے بارے میں باضابطہ فرمان پڑھ کر سنایا۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس کے بعد استقبالیہ ہال میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مہمانوں نے صدر مملکت کو فرداً فرداً مبارکباد بھی دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ گارڈ آف آنر پیش کرنے والوں میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے شامل تھے۔ بعد ازاں انہوں نے ایوان صدر کے عملہ سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور عملہ کا ان سے تعارف کرایا گیا۔ دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے عوام کی معلومات کے لیے صدارتی فرمان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ