وزیراعظم سے چینی اور سعودی وزرا کی ملاقاتیں ،حکومتوں کے خصوصی پیغامات پہنچائے 

104
اسلام آباد:چینی وزیرخارجہ وانگ ژی وزیراعظم عمران خان سے وفد کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں
اسلام آباد:چینی وزیرخارجہ وانگ ژی وزیراعظم عمران خان سے وفد کے ساتھ ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ اور سعودی عرب کے وزیر اطلاعات نے وزیر اعظم ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی موجود تھے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات سمیت سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، حکومت سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے پرُعزم ہے، سی پیک منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ چین کی ترقی دیگر ممالک کے لیے بھی ایک مثال ہے جبکہ چین ہمارا بااعتماد دوست ہے، چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزما ئش میں پوری اتری ہے۔وزیراعظم نے چینی وزیرخارجہ کو سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی جبکہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے وزیر اطلاعات اور ثقافت عواد بن صالح العواد نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ خطے میں قیام امن اور استحکام کے لیے سعودی عرب پاکستان کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ملاقات کے بارے میں ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی حکام نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی۔بعدازاں سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ممتاز علی شاہ اور وزارت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد نے آمادگی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ آئندہ سال حج میں پاکستانیوں کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ عمرہ زائرین کے لیے بھی مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔مکہ اور مدینہ منورہ میں اراضی کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر عواد بن صالح نے کہا کہ اس مطالبے کو سعودی فرمانروا شاہ سلیمان کے سامنے پیش کیا جائے گا اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی سعودی عرب آمد کے موقع پر اس مسئلہ کو بھی حل کرلیا جائے گا۔علاوہ ازیں چینی وزیر خارجہ نے ڈاکٹر عارف علوی کو صدر مملکت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور چینی قیادت کی جانب سے صدر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں مزید اضافہ ہو گا۔صدر مملکت نے نیک تمناؤں کے پیغام پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنر شپ مزید مستحکم ہوگی۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد چین کے وزیر خارجہ 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ