اُسامہ رضی کی اہلیہ کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی ودرس قرآن

144
امیرجماعت اسلامی کراچی حا فظ نعیم الرحمن اسامہ رضی کی اہلیہ کے ایصال ثواب کے لیے درس قرآن دے رہے ہیں 
امیرجماعت اسلامی کراچی حا فظ نعیم الرحمن اسامہ رضی کی اہلیہ کے ایصال ثواب کے لیے درس قرآن دے رہے ہیں 

کراچی (اسٹاف رپورٹر )نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی کی اہلیہ سابق ناظمہ ضلع شرقی ،رکن مرکزی ، صوبائی و مقامی شوریٰ حلقہ خواتین عارفہ قمر کے ایصال ثواب کے لیے اتوارکو بعد نماز عصر قرآن خوانی و درس قرآن کا اہتمام ان کی رہائش گاہ گلشن اقبال نزد ڈسکو بیکری پرکیا گیاتھا ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے درس قرآن دیا ۔اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر ، نائب امرا کراچی برجیس احمد ،محمد اسلام ، محمد اسحاق خان ،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی ، راجا عارف سلطان، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ڈپٹی سیکرٹری محمد اقبال چودھری،معروف ٹی وی اینکر انیق احمد ، معروف دانشور و مشہور کالم نگار شاہ نواز فاروقی دوست واحباب ، کارکنان ، اہل محلہ و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحومہ کے دعائے مغفرت لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔نیز اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر اجمل خان بھی تشریف لائے اور انہوں نے دعائے مغفرت میں شرکت اور اسامہ رضی سے اظہار تعزیت بھی کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے اس موقع پر درس قرآن دیتے ہوئے کہا کہ دنیا دارالامتحان ہے ، ہر نفس کو موت مزہ چکنا ہے ٗ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں حقیقی اور دائمی زندگی کے بارے میں غور وفکر کرنا چاہیے ، ہمیں اپنی آخرت کی تیاری کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا سے جو بھی آخرت کی جانب سفر کرتا ہے ہمیں آخرت کی یاد دلاتا ہے دراصل اسی میں اللہ کی حکمت ہوتی ہے اور حدیث میں آتا ہے کہ جب تم میں سے کوئی شخص انتقال کرجائے تو تم اس کے جنازے میں شرکت کرو اور آخرت کی تیاری کرو ۔ انہوں نے کہاکہ مرحومہ نے اپنی ساری زندگی اللہ کے دین کے غلبے کے لیے صرف کی اور دین کے پیغام کو عام کرنے کے لیے جماعت اسلامی خواتین کے نظم میں کام کرتی رہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں بھی اقامت دین کاکا م کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ سے ہمیشہ یہی دعا کرنی چاہیے کہ اللہ ہم سے ہماری زندگی میں دین کا کام لے اور ہمیں ایمان پر استقامت عطا فرمائے اور ہمارا خاتمہ بھی ایمان کی حالت میں ہی ہو ۔ شیطان انسانی زندگی میں وسوسے پیدا کرتا ہے اور دنیا کی زندگی کو آخرت کی زندگی کے مقابلے میں خوش نما بنا کر پیش کرتا ہے ۔ہمیں اپنی آخرت کی زندگی کی تیاری کرنی چاہیے جس کے لیے ہمارے دنیاوی معاملات ،رشتے داروں کے ساتھ معاملات ، دوست واحباب سے تعلقات کو بہتر رکھنا چاہیے تاکہ ہماری اخروی اور حقیقی زندگی میں اللہ کامیابی عطافرمائے ۔انہوں نے کہاکہ موت برحق ہے اور یقینی ہے ہم سب کو ایک نہ ایک دن دنیا ئے فانی سے چلے جانا ہے ،ہمیں اللہ کی رضا پر راضی ہونا چاہیے ہمیں آخرت میں امید اور یقین ہے کہ ہم سب آخرت میں جنت میں اکٹھے ہوں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ