چودھری سرور کاگورنر ہاؤس مری کو  عوام کے لیے کھولنے کا اعلان

51

راولپنڈی ( آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پرگورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گورنر ہاؤس بھوربن مری کو جو اس سے قبل صرف حکمرانوں کے زیر استعمال تھا، عوام الناس کیلیے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اب بلاتخصیص تمام شہری اتوار کے روز گورنر ہاؤس آسکیں گےانہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے محنت اور دیانتداری سے پاکستان کے غریب عوام کی خدمت کا عہد کر رکھا ہے اور تمام وسائل پاکستان کے عوام پر نچھاور کریں گے ،ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس بھور بن مری ہر اتوار کو صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک شہریوں کیلیے کھلا رہے گا۔ تمام خوبصورت عمارات اور جگہوں پرصرف اشرافیہ کا ہی نہیں عوام کابھی حق ہے اور ہم اپنا ہر فیصلہ عوام کے مفادات کو مد نظر رکھ کر کریں گے ۔ اس امر کا اعلان انہوں نے گورنر ہاؤس بھور بن مری میں ایک میڈیا بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پررکن قومی اسمبلی صداقت عباسی ودیگربھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے اعلان کے مطابق صوابدیدی اختیارات ختم ہونے کے بعد تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی سمیت دیگر منصوبے بلدیاتی نمائندے عوامی مشاورت سے خود تجویز کریں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ