صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

289

اسلام آباد: نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے صدر مملکت عارف علوی سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے حلف نامے پر دستخط کیے جس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات نے شرکت کی۔

تقریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان بھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں 353 الیکٹورل ووٹ لے کر ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ