اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، غیر قانونی شادی ہال اور عمارتیں مسمار

246

سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات اورتجاوزات کے خلاف دوسرے روز بھی کارروائی جاری ہے جس میں غیر قانونی عمارتیں، شادی ہال اور پٹرول پمپ گرائے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔ کشمیر ہائی وے کے قریب غیر قانونی شادی ہال سمیت متعددعمارتیں گرادی گئیں، ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات کی زیر نگرانی آپریشن میں وفاقی پولیس، ایلیٹ فورس اور رینجرز سمیت اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی اس کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں، تجاوزات کیخلاف کارروائی تبدیلی کا نشان ہے، آپریشن دو روز سے جاری ہے جس میں بلا امتیاز کارروائی کی جارہی ہے، 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور باقی 30 فیصد بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ سی ڈی اے، پولیس اور انتظامیہ میں قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرنے والوں کو پکڑا جائے گا، جن لوگوں نے غلط لائسنس اور این او سی جاری کیے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی اقدام اٹھانے والوں کیخلاف مقدمات درج اور گرفتاریاں ہوں گی، ایسا نظام لائیں گے کہ کسی کی جرات نہ ہو سرکاری زمین پر قبضہ کرے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ تجاوزات قائم کرنے والے ایک مافیا ہیں جو مل کر کام کرتے ہیں، قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والے کسی بااثر کو رعایت نہیں دیں گے۔انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ ذاتی نجش میں کسی کو نقصان نہ پہنچایا جائے، عام لوگوں اور ملازمین پر نہیں بلکہ اصل مالکان پر ہاتھ ڈالا جائے، اداروں کے اندر موجود کالی بھیڑوں پر بھی نظر رکھی جائے۔

واضح رہے گزشتہ روز آپریشن میں بڑے بڑے شادی ہالز اور کارباری مرکز مسمار کر دیے گئے۔ مشہور انٹرنیشنل فوڈ چین سمیت کئی ہوٹلز بھی گرا دیے گئے۔ آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے پر متعدد افراد گرفتار بھی کئے گئے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ