حکومت بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے گریز کرے۔ شیخ عامر وحید

140

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اطلاعا بجلی کی قیمت میں 2روپے فی یونٹ اور گیس کی قیمت میں 46فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے جس سے تاجر برادری میں تشویش کی ایک نئی لہر پیدا ہو گئی ہے کیونکہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ سے کاروبارکی لاگت میں مزید اضافہ ہو گا جس سے ہماری برآمدات متاثر ہوں گی اور عوام کیلئے مہنگائی میں اضافہ ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچے گا لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ معیشت کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے گریز کرے۔
شیخ عامر وحید نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو شدید مالی خسارے کا سامنا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں و برآمدات کو بہتر فروغ دے کر اس خسارے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا تاجر برادری توقع کر رہی تھی کہ موجودہ حکومت کاروبار کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے گی تا کہ دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت و برآمدات میں تیزی سے بہتری آئے جس سے ملک کا تجارتی خسارہ کم ہو گا لیکن بجلی و گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے نے تاجر براری سمیت عوام میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے کیونکہ ان اقدامات سے عام آدمی پر مزید بوجھ بڑھے گا اور کاروباری طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہو گا لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس فیصلے پر دوبارہ نظرثانی کرے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ اخباری اطلاعات کے مطابق اکنامک ایڈوائزری کونسل نے بھی حکومت کو بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور ملک کی آمدن کو بہتر کرنے کیلئے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا مشورہ دیا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اکنامک ایڈوائزری کونسل کے مشورے پر سنجیدگی سے غور کرے اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے ٹیکس کو وسعت دینے پر زیادہ توجہ دے جس سے معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ
mm
قاضی جاوید سینئر کامرس ریپورٹر اور کامرس تجزیہ، تفتیشی، اور تجارتی و صنعتی،معاشی تبصرہ نگار کی حیثیت سے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔جسارت کے علاوہ نوائے وقت میں ایوان وقت ،اور ایوان کامرس بھی کرتے رہے ہیں ۔ تکبیر،چینل5اور جرءات کراچی میں بھی کامرس رپورٹر اور ریڈیو پاکستان کراچی سے بھی تجارتی،صنعتی اور معاشی تجزیہ کر تے ہیں qazijavaid61@gmail.com