بھارت سے تعلقات کی بہتری فوج کی حمایت حاصل ہے ،وزیر اطلاعات 

55

لند ن،اسلام آباد (آن لائن،اے پی پی) وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور فوج دونوں ہی خطے میں امن کے لیے بھا رت سے بات چیت کے خواہشمند ہیں لیکن نئی دہلی کی جانب سے نئی حکومت کو اس سلسلے میں مثبت جوابی اشارے نہیں ملے ہیں۔بی بی سی کو ایک خصوصی انٹرویو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان اس سلسلے میں جلد ہی انڈیا سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے کرتار سنگھ بارڈر کھول دے گا جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیر گرودوارہ دربار صاحب کے درشن کر سکیں گے۔فواد چودھری کا کہنا ہے کہ یاتریوں کے لیے سرحد کھولنے کے حوالے سے ایک نظام وضع کیا گیا ہے اور جلد ہی اس پر عملی پیشرفت ہو گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور فوج دونوں ہی خطے میں امن کے لیے انڈیا سے بات چیت کرنے کی خواہشمند ہیں اور عمران خان کی جانب سے دہلی کو اس کے کئی اشارے بھی دیے جا چکے ہیں لیکن ابھی تک ان کا مثبت جواب نہیں ملا۔انڈیا کا مسئلہ یہ ہے کہ نریندر مودی نے جس طرح پاکستان مخالفت پر اپنی الیکشن مہم چلائی ہے اب بی جے پی اس سوچ میں پھنسی ہوئی ہے کہ کہیں پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے ان کے ووٹرز پر کوئی فرق نہ پڑ جائے۔فواد چودھری نے بتایا کہ انڈیا کو مذاکرات شروع کرنے اور تعلقات میں بہتری کے جو اشارے دیے گئے ہیں اسے فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے۔عمران خان اور جنرل باجوہ دونوں سمجھتے ہیں کہ ایک ملک اکیلا ترقی نہیں کرتا بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں اور وہ دونوں ہی سمجھتے ہیں کہ اگر خطے میں مکمل امن نہیں ہو گا تو سب ہی پیچھے رہ جائیں گے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی بھی دوسرے وزیراعظم کی نسبت افغانستان اور پشتون کلچر کو زیادہ بہتر سمجھتے ہیں اور ان کی مقبولیت بھی کافی مدد گار ہو سکتی ہے اور عمران خان سمجھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہونا چاہیے اور اب امریکا میں بھی یہ سوچ پیدا ہوئی ہے جو مفید ثابت ہوگی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین سے سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح نے ملاقات کی جس میں اطلاعات ، ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہبی اور بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح نے کہا کہ پاکستان کا اسلامی ممالک میں اپنا ایک مقام ہے خوشی ہوئی کہ پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مثالی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تمام شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔قبل ازیں سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد خصوصی طیارے پر پاکستان کے دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ایئر بیس پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے اپنے ہم منصب کا استقبال کیا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ