کینیڈین دارالحکومت میں ریچھ پارلیمان تک پہنچ گیا‘ علاقے میں دہشت

62
اوٹاوا: وائلڈ لائف اور پولیس اہل کار شہر میں داخل ہونے والے ریچھ کو پکڑ کر لے جارہے ہیں
اوٹاوا: وائلڈ لائف اور پولیس اہل کار شہر میں داخل ہونے والے ریچھ کو پکڑ کر لے جارہے ہیں

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں اس وقت خوف و ہراس بھیل گیا، جب پارلیمان کی عمارت کے قریب کالے رنگ کا ایک ریچھ چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ مقامی پولیس کو اطلاع ملی تو علاقے کی سڑکوں پر مڑگشت کرنے والا ریچھ پارلیمان سے محض چند سو فٹ کے فاصلے پر تھا۔ اس سے کچھ دیر قبل کالے ریچھ کو شہر کی بیوارڈ مارکیٹ کی سٹرکوں پر دیکھا گیا تھا۔ یہ مارکیٹ سیاحوں میں بہت مقبول ہے اور امریکی سفارت خانہ بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آس پاس کی سٹرکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی کہ ریچھ کے پکڑے جانے تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ پولیس اہل کاروں نے ریچھ کا پیچھا کیا تو وہ ایک قریبی پارک میں گھس گیا اور ایک درخت پر چڑھ کر خود کو شاخوں اور پتوں میں چھپا لیا۔پولیس نے ریچھ کو پکڑنے کے لیے محکمہ جنگلات کے عہدے داروں کو بلایا جنہوں نے ریچھ کو ڈھونڈنے کے بعد اسے بیہوش کیا اور پکڑ کر پنجرے میں بند کر دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ریچھ کی شناخت ایک نر کے طور پر کی گئی اور اسے بعد میں جنگل میں آزاد کر دیا جائے گا۔ اس سے پہلے بدھ کے روز بھی فرانسیسی زبان بولنے والے ایک مضافاتی علاقے کے گیٹنو اسپتال کے قریب ایک ریچھ دیکھا گیا تھا، جو بعد میں جنگل کی طرف بھاگ گیا۔ واضح رہے کہ کینیڈا کے مشرقی حصے میں پائے جانے والے ریچھ قد کاٹھ میں ملک کے مغرب یا قطبی علاقوں کے ریچھوں سے نسبتاً چھوٹے اور کم خطرناک ہوتے ہیں۔
کینیڈا/ریچھ

Print Friendly, PDF & Email
حصہ