زندہ تحریکیں ناکامی سے گھبراتی نہیں‘ اپنا سفر جاری رکھتی ہیں، راشد نسیم 

53
لاہور: جماعت اسلامی کی تربیتی کمیٹی کا اجلاس نائب امیر راشد نسیم کی زیرصدارت منصورہ میں ہورہا ہے
لاہور: جماعت اسلامی کی تربیتی کمیٹی کا اجلاس نائب امیر راشد نسیم کی زیرصدارت منصورہ میں ہورہا ہے

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و صدر تربیتی کمیٹی راشد نسیم نے کہاہے کہ نظام مصطفےٰؐ پاکستان کا مقدر ہے۔ ملک و قوم کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام میں ہے جب تک ملک میں شریعت کا نظام نافذ نہیں ہوتا ، عوام پریشانیوں اور مشکلات کے چنگل سے نہیں نکل سکتے ۔ جماعت اسلامی کو 25 جولائی کے انتخابات میں وہ کامیابی نہیں مل سکی جو اس کا حق تھامگر زندہ تحریکیں اور تنظیمیں وقتی ناکامیوں پریشانیوں سے گھبرانے اور مایوس ہو کر بیٹھ جانے کے بجائے نئے عزم اور
حوصلے سے اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھتی ہیں اور پھر وہ وقت آتاہے جب حق عام آدمی کی آواز بن جاتاہے ۔ نواس�ۂ رسو لؐ حضرت امام حسینؓ نے اپنا پورا خاندان اللہ کے راستے میں قربان کردیا مگر باطل کے آگے سر نہیں جھکایا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیتی کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی کمزوریوں کا جائزہ لے کر ان کو دور کرے گی اور آئندہ بلدیاتی و جنرل انتخابات میں ایک نئے جذبہ کے ساتھ اپنے کارکنوں کو انتخابی اکھاڑے میں اتارے گی ۔ مستقبل میں جو خلا نظر آرہا ہے ، اسے جماعت اسلامی پر کرے گی ۔ تمام تر کمزوریوں اور کوتاہیوں کے باوجود جماعت اسلامی اپنی تنظیم اور حقیقی جمہوری جماعت ہونے کے ناطے یہ صلاحیت رکھتی ہے کہ وہ ملک و قوم کو موجودہ مسائل سے نجات دلاسکے ۔ راشد نسیم نے کہاکہ تربیتی کمیٹی کے اجلاس میں ہم نے اپنے کارکنان کی تربیت اور تنظیم کی کیفیت کا پوری یکسوئی سے جائزہ لیاہے اور جہاں جہاں کمزوریاں سامنے آئی ہیں ، ان کو دور کرنے کے لیے مختلف فیصلے کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں جماعت اسلامی ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی ۔ معاشرے کی اصلاح ہمارا اصل ہدف ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ جماعت اسلامی اسی وقت اقتدار میں آئے گی جب عام آدمی اسلامی نظام کے لیے اٹھ کھڑا ہوگا ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ