مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج نے مزید 2 کشمیری شہید کردیے ،حریت رہنماؤں کیخلاف کریک ڈاؤن 

55

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید2 کشمیری شہیدکردیے‘ ایک نوجوان کو ضلع راجوری میں سرچ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ پلوامہ میں فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص اسپتال میں چل بسا۔ حریت رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا‘ کولگام، شوپیاں، بارہ مولہ و دیگر علاقوں میں محاصر ے اور گھر گھر تلاشی کے خلاف مظاہرے کیے گئے‘ اس دوران پولیس کے وحشیانہ تشدد سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ضلع راجوری میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ قابض بھارتی فورسز نے پلوامہ، کولگام، شوپیاں، بارہ مولہ اور راجوری میں بڑے پیمانے پر محاصر ے اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں کیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آپریشن کے خلاف پرامن مظاہرے کرنے والوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کا بے دریغ استعمال کیا۔ ادھر جنوبی کشمیر میں اونتی پورہ کے علاقے ڈوگری پورہ میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ایک آزاد ی پسند کارکن کے اہل خانہ اور ہمسایوں پر تشدد میں ایک شخص زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا ضلع پلوامہ کے گاؤں حاجی در پورہ میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ قابض انتظامیہ نے نام نہاد بلدیاتی انتخابات سے قبل حریت رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کی تازہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 5 حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ انتظامیہ نے جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کے فیس بک پیجز بلاک کردیے ہیں اور ٹیلی فون کنکشنز بند کر دیے ہیں ۔ ادھر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ضلع پلوامہ کے علاقے چیوہ کلان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان فیاض احمد وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ایک وفد نے شہید نوجوان کے گھر جا کر سوگوار خاندان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری محمد رفیق گنائی نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال اور بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سخت نوٹس لیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ