کراچی میں فراہمی ونکاسی آب کا موثر نظام نہیں ، گورنر سندھ 

61
کراچی،گورنر سندھ عمران اسماعیل میڈیا سے بات چیت کررہے ہیں
کراچی،گورنر سندھ عمران اسماعیل میڈیا سے بات چیت کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنرہاؤ س میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واٹراینڈ سیوریج بورڈخالد محمود شیخ نے گورنر کو شہر میں فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں،حائل مشکلات ، شہر میں پانی کی ضروریات کے مدنظر جاری ترقیاتی منصوبے اور ادارے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنرنے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی قومی ترقی و خوشحالی میں کلیدی اہمیت کا حامل شہر ہے جہاں پر صنعتی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے لیکن شہر کی ضروریات کے مطابق فراہمی ونکاسی آب کا موثر نظام دستیاب نہیں ہے ،شہر میں فراہمی آب کی کمی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا بھی مناسب بندوبست نہیں ہے ،اس وقت شہر کا 400MGD سے زائدپانی بغیر ٹریٹمنٹ کے سمندر میں گر رہا ہے اس کے برعکس 70MGD پانی ٹریٹ ہو رہا ہے ، شہر کی ضروریات کے مطابق پانی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں میگا پروجیکٹ کے 4 منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں ۔ گورنر نے واٹر بورڈ حکام کو ہدایت کی کہ کے 4 منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے ساتھ ساتھ پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے بھرپور توجہ دی جائے اور عوام میں پانی کی اہمیت سے متعلق آگاہی بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، لوگوں کو بتایا جائے کہ پانی کی کس قدر اہمیت ہے ،دنیا کے کئی شہروں میں پانی کا شدید بحران ہے،اسی طرح ایک سروے کے مطابق آئند چند برسوں میں پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے جہاں پانی کی شدید قلت ہے۔گورنرنے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب دونوں شہر کے اہم ترین مسائل ہیں جن کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی ۔علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے5 رکنی وفد نے عامر خان کی قیادت میں گورنرہاؤس میں ملاقات کی ۔وفد میں کنور نوید جمیل ، خواجہ اظہار الحسن ، فیصل سبزواری اور میئر کراچی وسیم اختر شامل تھے ۔ملاقات میں کراچی ترقیاتی پیکج ، شہرکی مستقبل کی ضروریات کے مطابق نئے ترقیاتی منصوبوں پر غور ، وفاق کے تعاون سے فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کی جلد تکمیل اورمل کر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ