کولکتہ میں پل گرنے سے 5 افراد ہلاک‘ 27 زخمی

35
کولکتہ: پل گرنے کے نتیجے میں گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں‘ جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں
کولکتہ: پل گرنے کے نتیجے میں گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں‘ جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں

کولکتہ(انٹرنیشنل ڈیسک) کولکتہ کے ماجیر ہات فلائی اوورکا ایک حصہ منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک اور 27زخمی ہوگئے۔ جنوبی کولکتہ بہت بھیڑ بھاڑ والا علاقہ ہے۔ امدادی اداروں کے مطابق حادثہ آفس کے اوقات ختم ہونے سے قبل پیش آیا اس لیے زیادہ افراد کے دبے ہونے کااندیشہ نہیں۔ رپورٹ کے مطابق لگاتار بارش کی وجہ سے پل کمزور ہوکر منہدم ہوگیا۔ایک منی بس، 4گاڑیاں اور کئی موٹر سائیکلیں ملبے تلے دب گئیں۔حکومت نے متاثرین کے لیے5لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کردیا۔حادثے کے بعد6 امداد ی ٹیمیں کارروائی میں مصروف ہیں۔ امدادی ٹیم کے اہل کار نے بتایا کہ تاراتلا اور مومن پور کے درمیان پل کا حصہ منہدم ہوگیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، میری ہمدردی حادثے کا شکار ہونے والے افراد اور اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ پل کا حادثہ افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ پل کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کارروائی ہنگامی بنیادوں پر کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں مغربی بنگال حکومت کی جانب سے وزیر شہری ترقیات فرحت حکیم نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔تحقیقاتی اداروں نے حادثے کے اسباب جاننے اور متعلقہ افراد تک پہنچنے کے لیے تفتیش شروع کردی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ