محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علماکرائم یکجہتی کا مظاہرہ کریں

49

سکھر(نمائندہ جسارت) محرم الحرام کے حوالے سے منعقد ہونے والے علما کرام کے اجلاس میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس عظیم اور بابرکت مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول حضرت حسینؓ کے امن ‘ یگانگت اور اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام عبادت ‘ ایثار ‘ تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے ‘ محرم کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔ اجلاس میں علمائے کرام عالم شاہ موسوی ‘ سید کاظم علی شاہ ‘ سید گلزار علی شاہ ‘ عبداللہ منگی ‘ فدا حسین شاہ ‘ ڈاکٹر شاہد میرانی ‘ نصرت شاہ ‘ مختلف امام بارگاہوں کے صدور اور عہدیدران ‘ جلوسوں کے روٹ پرمٹ ہولڈرز ‘ ڈپٹی میئر طارق چوہان ‘ یو سی چیئرمین میر عبدالرحمن مینگل ‘ وائس چیئرمین علی حسن میرانی سمیت میونسپل افسران XEN شرف الدین ڈنور ‘ ٹیکسیشن آفیسر خالد جتوئی ، ایڈمنسٹریٹو / پی آر او افسر پیر عطا الرحمن خان ، اے ای این الیکٹرک فیاض میمن ‘ اسٹور پرچیز آفیسر عابد علی انصاری اینٹی انکروچمنٹ آفیسر منظر ضیا زیدی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے علما کرام نے محرم الحرام کے جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی ‘ لائٹنگ کے بہتر انتظامات اور صاف پانی فراہم کرنے کی اپیل کی ۔ میئر سکھر نے اس موقع پر افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی ‘ روشنی ‘ صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگربلدیاتی سہولیات کی فراہمی جلد سے جلد یقینی بنائی جائے تاکہ عزادارن کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ‘ مساجد وامام بارگاہوں کے اطراف کو خصوصی طور پر صاف کیا جائے۔ انہوں نے امام بارگاہوں کے اطراف ‘ مجالس اور جلوس کے راستوں میں حائل تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ کھلے مین ہولز پر فوری طور پر ڈھکن لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں انتظامات کے حوالے سے عزاداران کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی واقع نہیں ہونی چاہیے اس سلسلے میں تمام محکمے بھرپور محنت اور لگن سے اپنے فرائض کو انجام دیں ‘ افسران علمائے کرام ومعززین سے رابطے میں رہیں تاکہ درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔ اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی 5 سبیلیں لگانے کا بھی اعلان کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ