لاہور ہائیکورٹ‘جہانگیر ترین کی اپیل پرایف بی آرکا نوٹس معطل 

150

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے جہانگیر ترین کو 19 کروڑ 91 لاکھ کے ٹیکس ریکوری نوٹس کے خلاف درخواست پر ایف بی آر کی جانب سے بھجوایا گیا نوٹس معطل کر دیا۔ عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریونیو کو جہانگیر ترین کی اپیل پر 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ جسٹس شاہد وحید نے جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں ایف بی آر کمشنر ان لینڈ ریونیو اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں جے ڈبلیو ڈی مل کو 19 کروڑ 91 لاکھ 7 ہزار کے نوٹس بھجوائے گئے ۔نوٹس کے خلاف اپیلیں کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس زیر سماعت
ہیں۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ کمشنر ان لینڈ ریونیو ہمارے حق میں حکم امتناع جاری کر چکے ہیں۔حکم امتناع کے باوجود ٹیکس نوٹسز بھجوائے گئے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ایف بی آر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹسز کالعدم قرار دے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ