پی ایچ وی جی سعودی عرب کا حج آپریشن 1439 کامیابی سے مکمل ہوگیا

266

 

جدہ (سید مسرت خلیل) پاکستان حج والنٹیئر گروپ (پی ایچ وی جی ) کا حج آپریشن 1439 ہجری کامیابی سے مکمل ہوا۔ مکہ المکرمہ سے تعلق رکھنے والے 120 رضاکاروں پر مشتمل 40 ٹیموں نے العزیزیہ کے علاقے میں موجود رہ کر منٰی سے واپس آنے والے حجاج کرام کی انکی رہائشی عمارتوں تک رہنمائی کی۔ شدید گرم موسم میں حجاج کو ٹھنڈا پانی پیش کیا گیا اور نقشوں اور پی ایچ وی جی کی موبائل ایپلیکیشنز منیٰ لوکیٹر اور حج نیوی گیٹر کی مدد سے سے حجاج کو انکی رہائشی عمارتوں تک پہنچایا گیا۔
پی ایچ وی جی نے پرنٹ، الیکڑانک اور سوشل میڈیا کی مدد سے رضاکاروں کی رجسٹریشن مہم کا آغاز 8 جون سے شروع کیا جو 7 اگست تک جاری رہی۔ اس کے علاوہ سینئر رضاکاروں نے مملکت کے مختلف شہروں کے نواح میں موجود لیبر کیمپوں میں جا کر بھی رضاکاروں کی رجسٹریشن کی۔ اس دوران 3134 رضاکاروں کو رجسٹر کیا گیا۔جدہ ریجن سے، جس میں مدینہ، ابہا، جزان، نجران، قصیم، تبوک، ینبوع اور طائف کے علاوہ دیگر شہر شامل تھے 1831 رضاکاروں کو رجسٹر کیا گیا۔ ریاض ریجن سے 856 جبکہ مکہ سے 213 اور دمام ریجن کے الخبر، جبیل اور دمام کے شہروں سے 234 والنٹئیرز رجسٹر کئے گئے۔
تمام رضاکاروں کیلئے 150 سے زائد تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس میں رضاکاروں کو نقشہ جات، سلائیڈز.، مختصر دورانئے کی فلموں اور دیگر سمعی و بصری آلات کی مدد سے تربیت فرائم کی گئی. رضاکاروں کو پی ایچ وی جی کی موبائل ایپلیکیشنز منیٰ لوکیٹر اور حج نیوی گیٹر کے استعمال کے بارے بھی آگاہ کیا گیا. بعد ازاں رضاکاروں کا ایک آن لائن ٹیسٹ لیا گیا جس کے بعد 1960 رضاکاروں کو حجاج کی خدمت کیلئے منتخب کر لیا گیا۔
حج آپریشن کے پہلے مرحلے میں جو 30 جولائی سے 17 اگست تک جاری رہا، 48 رضاکاروں پر مشتمل 5 ٹیموں نے حرمِ مکی کے اطراف میں موجود رہ کر حجاج ِ کرام کی انکی رہائشی عمارتوں تک رہنمائی کے فرائض سر انجام دئے. اس دوران 32000 سے زائد حجاج کی رہنمائی کی گئی. رہنمائی کے اس عمل کا دوسرا حصہ 26 اگست سے دوبارہ شروع ہوگیا ہے جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا۔
پی ایچ وی جی نے اپنے ضیوف الرحمن پراجیکٹ کا آغاز 27 جولائی کو کیا جو 17 اگست تک جاری رہا. 3 سے 5 والنٹئیرز اور ایک مدرس پر مشتمل آٹھ ٹیموں نے حجاج ِ کرام کی رہائشی عمارتوں میں جا کر حجاج کو حجِ بیت اللہ کی ادائیگی کے تمام مراحل کے بارے میں تربیت دی. 143 تربیتی نشستوں میں 45000 سے زائد حجاج کو تربیت فراہم کی گئی۔
9 ذی الحج سے پی ایچ وی جی نے منیٰ میں اپنا میگا آپریشن شروع کیا جس میں 122 ٹیموں نے حصہ لیا. ہر ٹیم 15 والنٹئیرز پر مشتمل تھی. منیٰ کو 50 مختلف سیکٹروں میں تقسیم کرکے 50 ایریا انچارج مقرر کئے گئے جنہوں نے اپنے اپنے سیکٹروں میں رضاکاروں کی تقرری اور کارکردگی کا جائزہ لیا. اس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے مینجمنٹ ٹیم کے 80 سینئررضاکاروں نے دن رات نہایت تندہی سے اپنے فرائض سر انجام دئے۔ مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے 4 لاکھ 10 ہزارحجاج کو انکے خیموں، جمرات، مراکزِ صحت، ٹرین اسٹیشنوں اور مکاتب تک رہنمائی فراہم کی گئی. 2100 حجاج کو وہیل چیئر کی سہولت فراہم کی گئی اور 200 ضرورت مند حجاج میں وہیل چیئرمفت تقسیم کی گئیں. اس کے علاوہ 200 سے زائد بیمار اور زخمی حجاج کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لئے ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں پہنچایا گیا۔
11 ذی الحج کی رات پی ایچ وی جی کے 100 رضاکاروں نے مصطفوی گروپ کے 15 رضاکاروں کے تعاون سے طوافِ زیارہ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کرلیا. 45 شدید زخمی اور بیمار حجاج کو 4 بسوں اور 2 ایمبولینسوں کے زریعے حرمِ مکی لے جایا گیا اور وہیل چیئرز کے زریعے انہیں طوافِ زیارہ کروایا گیا۔
حج کے آخری دن 12 ذی الحج کو 120 والنٹئیرز پر مشتمل 40 ٹیموں نے العزیزیہ کے علاقے میں موجود رہ کر حجاج کی رہنمائی کی اور انہیں انکی رہائشی عمارتوں تک پہنچایا۔
پی ایچ وی جی نے پاکستان حج مشن کی جانب سے فراہم کردہ اپنی رہائشی عمارت میں ایک خصوصی کال سنٹر بھی قائم کیا جس کے ذریعے تمام رضاکاروں سے ہمہ وقت رابطہ برقرار رکھا گیا اور انہیں حجاج کی رہنمائی کے سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کی گئی. اس کال سنٹر میں 1140 کالز موصول ہوئیں جن کے جواب میں رضاکاروں کو حجاج کی بہتر اور موثر خدمت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی. پی ایچ وی جی کے ، لوسٹ اینڈ فاؤنڈ سنٹر کی جانب سے پاکستان حج مشن کو ایسے 24 لاپتہ اور گمشدہ حجاج کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جو عرفات، منیٰ اور جمرات میں اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے تھے۔
پاکستان حج رضاکار گروپ 2011 سے حجاجِ کرام کی خدمت میں مصروف ِ عمل ہے اور اسے پاکستان حج مشن، پاکستان قونصلیٹ جدہ اور پاکستان ایمبیسی کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہے. 2017 سے سعودی عرب کی سرکاری فلاحی تنظیم جمعیۃ مراکز الاحیاء بھی پی ایچ وی جی کے معاونین میں شامل ہوگئی ہے. پی ایچ وی جی کی مینجمنٹ نے اپنی تمام سرگرمیوں اور حج آپریشن کی کامیاب تکمیل پر مزکورہ تمام اداروں ، میڈیا اور اس سے وابستہ افراد، پاکستانی کمیونٹی اور اپنے پرخلوص رضاکاروں کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا ہے جن کی شب و روز محنت کی وجہ سے پی ایچ وی جی کو یہ کامیابی حاصل ہوئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ