سعودی حکومت کے بہترین انتظامات نے دل جیت لیے، عازمین حج.

32

مکہ مکرمہ (نمائندہ جسارت) سعودی حکومت کے بہترین انتظامات نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ حرمین شریفین میں زمزم، رہنمائی اور صفائی و ستھرائی کا اعلیٰ نظام ہے، امید ہے مشاعر میں بھی اچھے انتظامات ہوں گے۔ یہ بات پاکستان سے آئے مختلف عازمینِ حج نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال حج 2018ء کے موقع پر دنیا بھر سے سعودی عرب آنے والے مسلمانوں کی تعداد 25 لاکھ کے لگ بھگ ہوگی جن میں ایک بڑی تعداد پاکستانی عازمینِ حج کی ہے۔ پاکستان
سے اب تک 1 لاکھ 40 ہزار 110 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اگلے چند دن میں یہ تعداد 1 لاکھ 84 ہزار 210 تک پہنچ جائے گی۔ عازمینِ حج کا کہنا تھا کہ زائرین کی اتنی بڑی تعداد کی بہترین مہمان نوازی اور اعلیٰ سہولیات کی فراہمی بلاشبہ سعودی حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔ اسلام آباد کے ایک نامور کالج کی پرنسپل مسز شاہینہ مسعود جو سرکاری حج اسکیم کے ذریعے ایک ماہ پہلے مدینہ منورہ پہنچی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری دنیا گھومی ہے لیکن یہاں پر سہولیات کا اعلیٰ معیار دیکھ کر بہت خوش ہیں۔ ہمیں حرمین شریفین میں عقیدت اور روحانیت کے ساتھ اپنی عبادات کے بھرپور مواقع میسر آئے ہیں۔ سعودی حکومت نے عازمینِ حج کی آسانی کیلیے ائرپورٹس سے لے کر رہائش گاہوں اور حرمین سے مشائر مقدسہ تک اپنے وسائل کا بھرپور استعمال کیا ہے۔ ایک اور عازمِ حج کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے حفظان صحت کیلیے ڈسپنسریوں اور جدید اسپتالوں کا اعلیٰ نظام بھی قابل ستائش ہے۔یہاں پیچیدہ امراض کا علاج اور آپریشن کی مفت سہولیات کی فراہمی عازمین حج سے سعودی حکومت کی دلی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ کی توسیع اور مشاعر ٹرین سمیت جدید ترین سفری سہولیات کی فراہمی پر ہم سعودی حکومت کے تہہ دل سے شکر گذار ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ