دھاندلی میں فوجی اور پولنگ کا تمام عملہ ملوث تھا،اسفند یار ولی 

61

پشاور(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلی میں نگراں حکومت، پورے ملک کی انتظامیہ ، پولنگ اسٹیشنزکے اندر موجود فوجی اور پولنگ کا تمام عملہ ملوث تھا ،اس بار بھی ہمارا مقابلہ جنات سے تھا، انسانوں سے ہوتا تو اے این پی اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آ جاتی،انڈا چوری ہونے پر سوموٹو ایکشن لینے والے چیف جسٹس فوج کی انتخابات میں مداخلت پر کیوں خاموش ہیں ،اب سوموٹو کہاں گئے ؟ عمران خان نے جیت کی تقریر میں ہر حلقہ کھولنے کا کہا جب سعد رفیق نے درخواست دی تو لاڈلے نے بچاؤ کے لیے عدالت عظمیٰ کا دروزہ کھٹکھٹا دیا،نگراں وزیر اعلیٰ کا شفاف انتخابات کا بیان مضحکہ خیز ہے، نگراں حکومت پہلے اپنا کردار واضح کرے،دھاندلی میں جو بھی ملوث ہے قوم بخوبی جانتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہداء بابڑہ کے موقع پر چارسدہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پراے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین اور صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے بھی خطاب کیا۔اسفندیار ولی خان نے بابڑہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہمارے مستقبل کے لیے اُس وقت کے خدائی خدمت گاروں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے جن میں بیشتر خواتین بھی شامل تھیں۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتی ہیں اور کبھی وقت آیا تو اپنی آنے والی نسلوں کے لیے جان قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان آ گیا ہے اور اس میں سب سے پہلے نیکٹا نے میاں افتخار حسین کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھرٹ الرٹ میں خودکش حملہ آور کا نام ،عمر اور تاریخ بھی درج ہے ،جب سیکورٹی ایجنسیوں کو اتنا سب کچھ پتا ہے تو اسے روک کیوں نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایک گھنٹے کا وقت کس آئین کے تحت دیا،فارم 45کسی پولنگ ایجنٹ کو نہیں دیا گیا ، دھاندلی کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا،تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا،ایک گھنٹے میں تمام نتائج تبدیل کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی اور انہیں اس بات سے آگاہ کیا تھا کہ فوج اگر پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہوئی تو بطور ادارہ فوج متنازع ہو جائے گا لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے لیے بھونڈے طریقے استعمال کیے گئے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.