شانگلہ ،منظور شدہ فورکس ماڈل اسکول5سال گزرجانے کے باوجود تعمیر نہ ہوسکے

60

الپوری( آ ئی این پی)شانگلہ میں کوئلہ کان مزدوروں کے بچوں کیلیے منظور شدہ ورکنگ فورکس ماڈل اسکول5 سال گزرنے کے باوجود قائم نہ ہوسکے، علاقے کی عوام نے اسکول کی عدم تعمیر تحریک انصاف حکومت کا شانگلہ کوئلہ کان کے مزدوروں کے ساتھ نارواسلوک قراردیدیا، 65 فیصد کوئلہ کان کے مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے ہونے کے باوجود ان بچوں کیلیے کسی قسم کا تعلیمی نظام موجود نہیں ،صوبائی حکومت کے امتیازی سلوک پر کوئلہ کان مزدور سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔لیبر قوانین کے مطابق شانگلہ میں کوئلہ کان کے غریب مزدوروں کو سوشل ویلفیئر بورڈ نے بھی ان کو یکساں نظر انداز کر رکھا ہے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے شانگلہ میں ورکنگ فورکس ماڈل اسکول بنانے کا اعلان کیا تھا جو آج تک نہ بن سکا ،شانگلہ کے کوئلہ کان میں مزدوری کرنے والے محنت کشوں نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ازجلد شانگلہ میں ورکنگ فورکس ماڈل اسکول کو تعمیر کرے تاکہ دوسرے بچو ں کی طرح کوئلہ کان مزدوروں کے بچے بھی بہتر تعلیم حاصل کرسیکں۔یاد رہے کہ شانگلہ کی 65فیصد سے زائد آبادی غربت کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور ملک کے مختلف کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے ہیں ملک کے مختلف حصّوں میں مشقت کرکے اپنے بچوں کیلیے روزی کما رہے ہیں۔ایک سروے کے مطابق شانگلہ کے 65 فیصد تک محنت کش لوگ کوئلہ کانوں میں مزدوری کرتے ہیں ،شانگلہ میں تعلیمی شرح کم ہونے کی وجہ سے یہاں کے لوگ غربت کی وجہ سے اپنے معصوم بچوں کو کوئلے کانوں میں مزدوری کرنے کیلیے بھجتے ہیں جو اکثر وہاں حادثات میں جاں بحق ہو جاتے ہیں اور پھر ان کی لاشیں بے یارو مددگار گھر پہنچائی جاتی ہے جو ایک المیہ ہے- شانگلہ سے تعلق رکھنے والے کوئلہ کان مزدوروں کا کہنا ہے کہ ان کے بچے اس لیے تعلیم سے محروم ہیں کہ وہ انتہائی غریب اور لاچار ہیں ان کی اتنی طاقت نہیں کہ اپنے جگر گوشوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرسکیں -ہماری کوئلہ کان کی نام نہاد یونین ہمارے حقوق پر سودے بازی کرکے بڑی رقم ہڑپ کرلیتے ہیں جو کہ ہماری محنت مزدوری کی کمائی ہوتی ہے ہماری فلاح بہبودکی رقم ہم سے کاٹی جاتی ہے ہم ہزاروں فٹ زمین کی گہرائی میں محنت کرتے ہیں اور پھر یہ یونین ہمیں کچھ بھی نہیں دیتی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس ساری صورتحال سے واقف ہونے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ