ساہیوال پولیس کی کارروائی،اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑ لی

27

ساہیوال(آئی این پی)ساہیوال پولیس کی بروقت کارروائی نے جشن آزادی و عید الاضحی کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچالیا،مشکوک کار سے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد،پولیس نے 10پمپ ایکشن،2رائفل 223بور،294پستول 30 بور اور 9100گولیاں برآمدکرتے ہوئے 4ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال غلام مبشرمیکن کی ہدایت پر ساہیوال پولیس نے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا ہوا ہے۔گزشتہ روزڈی پی او کو خفیہ اطلاع ملی کہ بدنام زمانہ اسلحہ کا اسمگلرایوب خان پٹھان اسلحہ کی بھاری کھیپ لیکرساہیوال کی حدود میں داخل ہوگیا ہے جس پر انہوں نے ایس ایچ او تھانہ فتح شیر اورغلہ منڈی‘انچارج سی آئی اے اسٹاف اورایلیٹ فورس کی ٹیم تشکیل دیکر ملزمان کی گرفتاری کاحکم دیا۔پولیس ٹیم نے جدید آلات کی مددسے ملزمان کی کھوج لگائی اوربائی پاس پر ان کی گاڑی کارنمبری ICT-933-DKکوروک کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپایاگیا ناجائز اسلحہ اورفروخت کیے گئے اسلحہ کی رقم نقدی 14لاکھ 70ہزار روپے برآمد کرلی ۔ پولیس نے نوشہرہ کے رہائشی بدنام زمانہ اسلحہ اسمگلرایوب خان پٹھان ‘عرفان خان ‘رضوان اورمحمد شکیل کو گرفتارکرکے خفیہ مقام پر منتقل کردیا جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔اس سلسلے میں ڈی پی او غلام مبشر میکن نے اپنے دفتر میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان جشن آزادی اور عید الاضحی کے موقع پرناجائز اسلحہ کو دہشت گردی کے مقاصد اور مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ساہیوال کو ممکنہ دہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچا لیا۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلیے دن رات مصروف عمل ہے اس سلسلے میں کوتاہی ولاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر ڈی پی او غلام مبشرمیکن نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کیلیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کااعلان کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.