وطن عزیز کی بنیادوں میں لاکھوں شہدا کا لہو شامل ہے، فیصل ندیم

45

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما فیصل ندیم نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں شہدا کا لہو شامل ہے۔ حکمرانوں نے قیام پاکستان کے وقت اللہ سے کیے گئے عہد کو پورا نہیں کیا۔ پاکستانی قوم کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد و بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ملک اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کے تحفظ کا مشن لیکر میدان سیاست میں آئی ہے۔ کارکنان سندھ کے کونے کونے میں یوم آزدی کے حوالے سے نظریہ پاکستان کو اجاگر کریں اور قوم میں قیام پاکستان والا جذبہ بیدار کیا جائے۔ وہ مرکزسعد بن معاذ حیدرآباد میں قومی پرچم کشائی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ ملی مسلم لیگ کی جانب سے سندھ بھر میں قومی پرچم لہرائے جارہے ہیں، اسی طرح ہالہ، سعید آباد، ٹنڈو آدم، بدین ، سکھر، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں میں خصوصی تقریبات بھی منعقد کی جارہی ہیں۔ حیدر آباد مرکز سعد بن معاذ میں پرچم کشائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قرآن ہر دور اور ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے لیکن افسوسناک امر یہ کہ ہم نے اسلام کو نماز، روزہ تک محدود کر رکھاہے قومی و بین الاقوامی سطح کے معاملات میں اسلامی تعلیمات سے رہنمائی نہیں لی جاتی۔ مسلم حکمرانوں کی ذمے داری اپنی عقل، سوچ اور فکر کے مطابق فیصلے کرنا نہیں مسلمانوں کو اللہ کے دین پر جمع کرنا ہے اگر ہم ایسا کریں گے تو ہر حال میں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہو گی۔ اہل پاکستان کو لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ اس وقت جن مصائب اور مشکلات سے دوچار ہے اس کا سب سے بڑا سبب اللہ تعالیٰ کے احکامات کی نافرمانی ہے۔ پاکستان بھی ان دنوں جن مسائل میں الجھا ہوا ہے اس کی بڑی وجہ بھی قیام پاکستان کے وقت اللہ سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ