وطن کی خدمت اور حفاظت ہر محب وطن شہری پر فرض ہے

47

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ اسد علی قریشی نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ یوم آزادی میری پہچان پاکستان کے عنوان سے بھر پور انداز میں منائے گی، سندھ میں شجرکاری، کیک کٹنگ، ریلیاں، لیکچرز سمیت دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا۔ وہ جمعیت کے صوبائی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقد اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اسد علی قریشی نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ ایک عظیم نعمت ہے، اس وطن کی خدمت اور حفاظت ہر محب وطن شہری پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاک وطن اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے آج تک اسلام نافذ نہیں کیا جاسکا،آج بھی پاکستان کے عوام نظامِ مصطفی کی بہاریں دیکھنے کی منتظر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی ترقی نوجوانوں کے کردار کے بغیر ناممکن ہے،پاکستان کے طلبہ نے حالیہ انتخابات میں شفافیت کے قطہ نظر بھرپور انداز میں اپنا حق رائے استعمال کیا ہے۔اب ان نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ نئی حکومت سے تعلیمی اصلاحات اور نوجوانوں کی فلاح وبہود کے لیے اقدامات کا مطالبہ کرے۔ اسد علی قریشی نے سندھ طلبہ کے نام اپنے پیغام میں طلبہ کو نظریہ اسلام سے جڑے رہنے کی تاکید کی اور کہا کہ نظریہ اسلام ہی نظریہ پاکستان کا دوسرا نام ہے جوکہ پاکستان کی بنیاد اور بقا ہے۔طلبہ اپنے تعلیمی میدان میں محنت کرکے ملک کی تعمیر اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ