حیدر آباد کی تباہ حالی کی ذمے دار متحدہ قومی موومنٹ ہے، ترجمان پیپلز پارٹی

44

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدر آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی ووٹوں کے لحاظ سے ضلع حیدر آباد کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔ حیدر آباد کے شہری بھی اب یہ بات تسلیم کرنے لگے ہیں کہ ان کے مسائل، مشکلات و تکالیف اور حیدرآباد شہر کی تباہ حالی، زبوں حالی کی ذمے دار صرف اور صرف متحدہ قومی موومنٹ اور اس کے کرپٹ و شرپسند کارندے ہیں جو اب حقیقت میں مستقل قومی مصیبت کا روپ دھار چکے ہیں اور اب اس قومی ناسور سے چھٹکارا بہت ضروری ہوگیا ہے۔ ایم کیو ایم پچھلے تیس برسوں سے کراچی و حیدر آباد سے زبردستی بندوق کی نوک پر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالتی آئی ہے لیکن اس بار کراچی اور حیدر آباد کے باشعور و غیور عوام نے آزاد عدلیہ، آزاد میڈیا اور انتہائی سرگرم سوشل میڈیا کی بدولت ان شرپسندوں کی کوئی چال کارگر نہ ہونے دی اور پاکستان کی قومی جماعتوں کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرکے مستقل قومی مصیبت کے رہنماؤں پر واضح کردیا کہ اب وہ انہیں مزید دھوکا نہیں دے سکتے۔ حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کو اتنی تعداد میں ووٹ ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حیدر آباد کے عوام اب ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، ابلتے گٹروں کے درمیان مزید گزارہ نہیں کرسکتے، انہیں اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے پیپلز پارٹی جیسی ترقی پسند، روشن خیال جماعت پر بھروسہ کرنا پڑے گا۔ متحدہ کے کرپٹ عہدیداران و رہنما کروڑوں، اربوں روپے کی کرپشن کرکے ملک سے فرار ہو کر دنیا کے مختلف ممالک میں کاروبار کررہے ہیں۔ دو دو کمروں کے کرائے کے بوسیدہ مکانوں اور فلیٹوں میں رہنے والے ایم کیو ایم کے رہنما کراچی و حیدر آباد اور ملک و بیرون ملک پوش علاقوں میں کروڑوں روپے کی رہائش گاہوں میں رہائش پذیر ہیں جبکہ متحدہ کے لیے قربانیاں دینے والے کارکنان اور ان کے خاندان آج بھی انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ پیپلز پارٹی ترجمان نے ایم کیو ایم حیدر آباد کے میئر اور ان کے کرپٹ افسران کیخلاف چیئرمین نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ