حیدر آباد، نجی کمپنی کے برطرف ملازم نے خود سوزی کی دھمکی دے دی

48

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) نجی کمپنی سے برطرف ہونے والے مزدور نے عدم بحالی پر آج خود سوزی کی دھمکی دے دی‘ کوٹری بھٹائی کالونی کے رہائشی اور نجی کمپنی سے برطرف کیے گئے مزدور غلام مصطفی قنبرانی نے اپنی برطرفی اور بقایا تنخواہ نہ ملنے کیخلاف پانچویں روز بھی پریس کلب کے سامنے احتجاج جاری رکھا۔ اس موقع پر غلام مصطفی قنبرانی نے بتایا کہ وہ 9 سال تک کولگیٹ کمپنی میں 12 گھنٹے روزانہ کی بنیاد پر ڈیوٹی دیتا رہا اور کمپنی کی انتظامیہ نے بلاجواز نوکری سے نکال کر بقایا تنخواہیں بھی نہیں دیں، جس کی وجہ سے بچوں کی کفالت بھی نہیں کرسکتا اور نوکری سے برطرف ہونے کے بعد اب تک بے روزگاری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ میں 2015ء سے نوکری پر بحالی اور بقایا تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے احتجاج کررہا ہوں اور اس دوران مجھے کمپنی کی انتظامیہ سمیت کئی سرکاری افسران نے یقین دہانی کرائی لیکن اس کے باوجود اب تک نوکری پر بحال کیا گیا ہے اور نہ ہی بقایا تنخواہیں ادا کی گئی ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت مزدور تنظیموں سے اپیل کی کہ کولگیٹ کمپنی کیخلاف کارروائی کرکے تنخواہیں ادا نہ کرنے کا نوٹس لے کر انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری صورت میں آج اپنے بچوں اور بیوی سمیت خود سوزی کرنے پر مجبور ہوں گا، جس کی تمام تر ذمے داری کولگیٹ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.