لانڈھی میں ڈکیت ضعیف خاتون کی پنشن لے اڑا

80

لانڈھی میں اے ٹی ایم سے پنشن کی رقم نکالنے والی ضعیف خاتون کو ڈکیت نے لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق الفلاح بینک نیشنل ہائی وے قائد آباد کے قریب برانچ سے ایک 25سالہ نوجوان ڈکیت نے اے ٹی ایم مشین سے پنشن کی رقم نکالنے والی مسلم آباد لانڈھی کی 70 سالہ خاتون نعمت جان زوجہ خان محمد مرحوم اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالنے کے لیے اپنی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ ڈکیت نے ضعیف خاتون کا اے ٹی ایم کارڈ لے کر اس تبدیل کر دیا اور مشین میں رقم نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہو ئے اگلے دن آکر رقم نکالنے کا مشورہ دیا۔ اگلے دن ضعیف خاتون جب اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالنے قذافی ٹاؤن کے الفلاح بینک پر گئی تو رقم نہ نکلنے پر بینک انتظامیہ نے ضعیف خاتون کو آگاہ کیا کہ ان کے اکاؤنٹ سے ایک دن پہلے 5ہزار 5سو کی رقم نکال لی گئی ہے اور ان کے پاس جو کارڈ ہے وہ بھی جعلی ہے۔ ضعیف خاتون نے گھر پہنچ کر اپنے بیٹوں کو یہ واردات بتائی تو ان کا بیٹا اپنی ماں کو لے کر شاہ لطیف ٹاؤن تھانے پہنچا لیکن تھانے میں موجود ڈیوٹی آفیسر نے رپورٹ درج نہیں کی اور رات کو تھانے آکر ایس ایچ او کے سامنے پیش ہونے کو کہا۔ 70 سالہ ضعیف خاتون نعمت جان نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ انصاف کریں۔ ایک جانب ڈکیت مجھ جیسی کتنی غریب عورتوں اور مردوں کو بے وقوف بنا کر ان سے مہینے بھر کی پونجی ہتھیا رہا ہے۔ میں نے اپنی بیماری کے باوجود تھانے جانے کی ہمت بھی کر لی تو میری ایف آئی آر کیا شکایت تک درج نہیں کی گئی۔ میں بیمار اور ضعیف عورت ہوں پنشن پر ہی میرا گزر بسر ہوتا تھا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر عبدالسلام اور جنرل سیکرٹری قاسم جمال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہ لطیف تھانہ فوری طور پر واقعہ کی تحقیقات کرے اور سی سی ٹی کیمرے کے ذریعے مجرم کی شناخت کرکے اسے گرفتار کرے اور الفلاح بینک پر ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر غریب پنشنروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ