جدہ میں پاکستانی آموں کی نمائش

61

پاکستان کے مشہور برانڈ میسیسرز رومی فوڈ کے تعاون سے پارک حیات ہوٹل جدہ میں معروف اور معیاری پاکستانی آم چونسہ کی نمائش کا اہتمام کیا ۔ نمائش کا مقصد سعودی عرب میں پاکستانی آم کو روشناس کروانا اور مارکیٹ میں پاکستانی آم کی کھپت بڑھانا تھا۔ تقریب کا اہتمام یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔
فیسٹیول کا افتتاح جدہ کے ایوان صنعت و تجارت کے ڈپٹی چیئرمین مازن بترجی،وائس چیئرمین زید بسام، چیئرمین ایوان صنعت و تجارت کے فوڈ کمیٹی کے سربراہ مسٹر نائف الشریف، سعودی وزارت تجارت کے ڈائریکٹر صالح نصر الشمرانی، مینول گروپ کے سی ای او عبدالرازق درویش ، بن داود گروپ کے سراج السربینی، الرایہ گروپ کے علی معز اور پاکستان کے قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے مشترکہ طور پر کیا۔
تقریب کے آغاز میں کیک کاٹا گیا جس میں مہمانوں اورکئی ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی۔ الرایہ گروپ کے سی ای او علی معز نے اپنے خطاب میں اس تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رومی فوڈز کے ساتھ ان کی شراکت داری دو طرفہ تعلقات کو بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ھاشم اسٹیبلشمنٹ مکہ کے انجنینئر سلیم نے بتایا کہ سعودی مارکیٹ میں پاکستانی ہمالیہ نمک کیلئے بڑی مارکیٹ ہے اور انکی کمپنی عنقریب اس برانڈ کو سعودی عرب میں متعارف کروائے گی۔
حاضرین میں سعودی عرب کے کاروباری حلقے ، کھانے اور مشروبات کی صنعت، پھل درآمد کنندگان ، سفارتکار اور میڈیا نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ۔ انھوں نے تقریب کی تعریف کی اور آم سے بنائے گئے مختلف قسم کے لذیذ میٹھے پکوان سے لطف اندوز ہوئے۔
قونصل جنرل شہریاراکبر خان نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ، کہا کہ ہر سال 1.8 ملین ٹن کی پیداوار کے ساتھ، پاکستان دنیا میں آم کا 5واں بڑا پیداواری ملک ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان تقریبا” 57 ممالک کو آم برآمد کرنے والا چھٹا بڑا ملک ہے . تاہم لوگوں کے خیال میں پاکستان کا آم پوری دنیا میں ذائقہ میں لاجواب ہے ۔
قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان میں آموں کی 110 سے زائد اقسام پائی جاتی ھیں جن میں سندھڑی، انور رٹول، لنگڑا، مالدا، دوسہری، فجری، چونسہ اور دیگر اعلی اقسام شامل ہیں. قونصل جنرل نے مزید کہا کہ چونسہ سب سے زیادہ مقبول عام قسم ہے اور آج اسی سے آپ کی تواضع کی جارہی ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی تقریب سے سعودی عرب میں آم کی درآمد کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن کی ذمہ داریوں میں پاکستانی اشیاء اور مصنوعات کو سعودی عرب میں فروغ دینا شامل ہے اور وہ اس اہم ذمہ داری کو بخوبی نباہ رھے ہیں۔ ایسی تقریبات سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو فروغ ملتا ہے ۔
نظامت کے فرائض کمرشل کونسلر شہزاد احمد خان نے ادا کیا ۔ انھوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافت اور روایات کی قربت کا قدیم رشتہ ہے اور یہی رشتہ ، ایک دوسرے کے ساتھ باہمی تجارت میں آسانیاں فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمد بڑھانے کیلئے موئثرمنصوبہ بندی کی گئی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ