طلبہ کی تربیت قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق کر تے ہیں‘ڈاؤیونیورسٹی

47

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان کو جدید تعلیم و تحقیق سے روشناس کرا کے ترقی یافتہ ملک بنانا ہے، اس کے لیے خود بانی پاکستان نے طلبہ پر ذمے داری عائد کی ہے، ڈاؤ یونیورسٹی اپنے طلبہ کی تربیت قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق کرتی ہے، تقریری مقابلے بھی اس تربیت کا حصہ ہیں۔ یہ بات انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈاؤ میڈیکل کالج میں آراگ آڈیٹوریم میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والے تقریری مقابلے میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پروفیسر سنبل شمیم، پروفیسر فوزیہ امتیاز، پروفیسر مکرم علی سمیت سینئر فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جشنِ آزادی کے سلسلے میں ہونے والے تقریری مقابلوں میں ڈاؤ کالج آف فارمیسی کے محمد انس اور طوبیٰ احمد نے بطور ٹیم پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ڈاؤ میڈیکل کالج کی ٹیم شہیرا اقبال اور ایمن اقبال مجموعی طورپر دوسرے نمبر پر رہے جب کہ انفرادی انگریزی تقریری مقابلوں میں ڈاؤ میڈیکل کالج کے نافع صدیقی پہلے، ڈاؤ کالج آف فارمیسی کی طوبیٰ احمد دوسرے اور ڈاؤ کالج آف فارمیسی ہی کی طالبہ فاطمہ عابدی تیسرے نمبر پر رہیں۔ اردو تقریری مقابلوں میں ڈاؤ ڈینٹل کالج کی اقصیٰ پہلے، ڈاکٹر عشرت العباد خان انسٹی ٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے حمزہ دوسرے جب کہ ڈاؤ میڈیکل کالج کی طالبہ شہیرہ نے بالترتیب تیسری پوزیشن حاصل کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ