کراچی میں آلودگی کے مسئلے کا حل شجر کار ی ہے،کمشنر

45

کراچی( صباح نیوز) کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی کی زیر صدارت شجر کاری مہم کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہو ا جس میں کراچی میں جاری شجر کاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ کراچی میں آلودگی کے مسائل کے حل اور گلوبل وارمنگ کے چیلنجز کا تقاضا ہے کہ کراچی میں درختوں اور سبزہ میں اضافہ کیا جائے ،شجر کاری کی بھر پور مہم شروع کی جائے، انہوں نے اداروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ کراچی کو ہرا بھرا شہر بنانے میں مدد کریں، مہم میں حصہ لیں اور اپنا کر دار ادا کریں ۔ اسکولوں اور والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ تعاون کریں ،بچے مستقبل کے معمار ہیں انہیں مہم میں شریک کریں ،جن اسکولوں میں جگہ ہے وہاں درخت لگائیں۔ مہم میں دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے نمائندے طارق سوری نے اگلے 5 سال میں 5کروڑ درخت لگانے ، کورنگی ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز ایسو سی ایشن اور سائٹ ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے اپنے اپنے صنعتی علاقوں میں ایک سال میں 10,10 لاکھ پودے لگانے کے عزم کا اظہار کیا، بلدیہ عظمیٰ اور ضلعی بلدیات نے شجر کاری مہم کی تفصیلات بتائیں۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ ڈاکٹر سید سیف الرحمان، ایڈیشنل کمشنر کراچی ۔I،افضل زیدی،آئی یو سی این کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر بابر حسین اور دیگر بھی مو جو د تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ کراچی میں نجی اور سرکاری اداروں شہریوں اور این جی اوز کے تعاون سے مختلف پارکوں اور میدانو ں میں شجر کاری کی جائے گی۔ شجر کاری کو فروغ دینے کے لیے اربن فاریسٹ پارک بنائے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے علاقوں میں متعلقہ اداروں اور غیر سر کاری تنظیموں سے مشاورت سے ایسی جگہوں کی نشاندہی کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ