اہم خبریں

174

اجازت نامے کے بغیر حج کرنے والا 10سال کے لیے بلیک لسٹ ہوگا
ریاض (اے پی پی) غیر قانونی طور پر حج کرنے والا غیر ملکی سعودی عرب سے بے دخل کیا جائے گا اور 10سال کے لیے اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ محکمہ پاسپورٹ نے ٹویٹر پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اجازت نامے کے
بغیر حج کرنا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ایسا کرنے والے کوسعودی عرب سے بیدخل کردیا جائے گا وہ دوبارہ 10سال تک سعودی عرب نہیں آسکے گا۔

یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر،پرچم کشائی کی فل ڈریس ریہرسل جاری
اسلام آباد (نمائندہ جسارت) ملک کے 72ویں یوم آزادی پر اہم تقریب پرچم کشائی کی فل ڈریس ریہرسل جاری ،وفاقی دارالحکومت میں 14 اگست کی صبح کا آغاز31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوگا،صدر
ممنون حسین کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ ملک کے 72ویں یوم آزادی میں صرف ایک دن باقی ہے اور یہ دن شایان شان انداز میں منانے کے لیے پوری قوم میں زبردست جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔ ملک کے طول و عرض میں یوم آزادی کے حوالے سے تیاریاں اپنے عروج پرہیں۔

سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری آج ( 13 اگست) ہوگی جبکہ سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست اور 29ویں قائد ایوان کا انتخاب 17 اگست کوہوگا جبکہ
اپوزیشن جماعتوں نے قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کردیا ہے۔ نومنتخب 15ویں سندھ اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج ہوگا۔ سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کی حلف برداری ہوگی۔ سندھ اسمبلی میں 15 اگست کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائیگا اور قائد ایوان کے انتخاب کیلیے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔ 16 اگست کو قائد ایوان کے کاغذات کی اسکروٹنی ہوگی جبکہ 17 اگست کو قائد ایوان کا انتخاب ہوگا اور اسی روز شام کو نئے قائد ایوان اور وزیراعلیٰ سندھ اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ، آغا سراج درانی کو اسپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر کے لیے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ امیدوارکا اعلان آج متوقع ہے۔ سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان جی ڈی اے نے وزیراعلیٰ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ابتدائی مشاورت میں اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکرسندھ اسمبلی کے لیے ایم کیو ایم اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے جی ڈی اے سے امیدوار لیے جانے کا عندیہ دیا ہے جبکہ قائد ایوان کے لیے مشترکہ امیدوار پی ٹی آئی سے لیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے کوشش ہے کہ سندھ اسمبلی میں قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار نامزد کیے جائیں گے جس کا فیصلہ آج اسمبلی اجلاس کے بعد کرلیا جائے گا۔

اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع کو عمر قید کی سزا سنادی گئی
قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) ایک مصری عدالت نے کالعدم جماعت اخوان المسلمون کے سربراہ محمد بدیع کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ اتوار کے روز عدالتی ذرائع سے سامنے آنے والی
اطلاعات کے مطابق انہیں 5برس قبل ملک میں ہونے والے مظاہروں کو ہوا دینے اور لوگوں کو قتل پر راغب کرنے جیسے الزامات کے تحت یہ سزا سنائی گئی۔ اس مقدمے میں اخوان المسلمون سے تعلق رکھنے والے متعدد دیگر رہنماؤں کو بھی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ مصری خبر رساں ادارے مینا کے مطابق اس مقدمے میں ایک اور ملزم کو 15برس اور 3 کو 10برس قید کی سزائیں سنائی گئیں۔

کوئٹہ، کان میں دھماکا 6 کان کن جاں بحق، 13 پھنس گئے
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی میں کوئلہ کی کان میں سلنڈر دھماکا 6 کان کن جاں بحق جبکہ 13 پھنس گئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے
نواحی علاقے سنجدی اور مارواڑ کے قریب گیرانی میں میرکول مائن میں دھماکا ہوا جس کی وجہ سے کان میں کام کرنے والے کئی کان کن پھنس گئے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ پہنچ گئی 6 کان کن کی لاشیں برآمد کر لی گئیں جبکہ دیگر کان کن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے شدید زخمی ہونے والے کان کنوں کو فوری طورپر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیاگیا مزید کارروائی کی جارہی ہے ۔

اسمبلی ارکان کارڈز کے بغیر اسپیکر ڈپٹی اسپیکر اور ووٹ نہیں ڈال سکیں گے
اسلام آباد (صباح نیوز) اسمبلی کارڈز حاصل نہ کرنے والے ارکان اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے انتخاب کیلیے ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق
اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے اسمبلی کارڈ کا رکن کے پاس ہونا ضروری ہے۔ جن ارکان نے اسمبلی کارڈ حاصل نہیں کیے وہ متذکرہ انتخاب میں حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ