کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی ،آدھا کراچی بجلی سے محروم 

88

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث آدھے سے زائد شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کراچی کے بیشتر علاقوں میں ہفتے اوراتوار کی درمیانی شب بجلی کی اچانک بندش سے شہر کا بڑاحصہ بجلی سے محروم ہوگیا جو چھٹی کے روز بھی دن بھر معمول پر نہ آسکا۔متاثرہ علاقوں میں گلستان جوہر ، پی ای سی ایچ ایس ، گلشن اقبال 13 ڈی، ڈیفنس فیز ٹو، کلفٹن ، گارڈن، کھارادر، سولجر بازار، طارق روڈ ،ناظم آباد، صدر، بہادرآباد، اورنگی ، کورنگی، لانڈھی، گلشن عمیر، ریس کورس اور دیگر علاقے شامل ہیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جبکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کا عملہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کو مکمل بحال کرنے کے لیے کوشاں ہے اور بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کی جاچکی ہے۔کے الیکٹرک نے صارفین سے تعاون کی درخواست بھی کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ