نئی حکومت بالکل مختلف ہوگی،شہباز بلاول اور خورشید شاہ حلف برداری میں مدعو ہونگے،تحریک انصاف 

34

اسلام آباد(صباح نیوز+آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں بابر اعوان اور فواد چودھری نے کہا ہے کہ نئی حکومت اور نئی کابینہ بالکل مختلف ہوگی‘ شہباز شریف ‘بلاول زرداری اور خورشید شاہ حلف برداری میں مدعو ہوں گے، عمران خان میانوالی کے حلقے کی نشست پاس رکھیں گے، حکومت سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے،اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے،مختلف ماہرین سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔بابر اعوان نے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلف برداری کی تقریب شام میں ہوگی اورعمران خان اتحادیوں کو ڈنر بھی دیں گے،عمران خان پہلے خطاب میں غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنے کا اعلان بھی کریں گے، وقت ضائع کیے بغیرعملی اقدامات ہوں گے،تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد پاکستان کا موازنہ یوگنڈا اور برونڈی کے ساتھ نہیں کیا جائے گا، میرٹ پر بھرتیاں کریں گے،لاریفارمز کے حوالے سے مشاورت ہو رہی ہے، مقدمات کا جلد فیصلہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، تمام اداروں میں میرٹ کو یقینی بنائیں گے، تمام اداروں میں اقدامات نظرآئیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے ڈپٹی اسپیکر کے نام پر مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کا اعلان عمران خان کریں گے ۔علاوہ ازیں تر جمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ کا معاملہ سیکورٹی معاملات کے بعد طے کیا جائے گا ،پنجاب اسمبلی کا اجلاس15اگست کو طلب کر لیا ہے ، اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے،حکومتی اخراجات کم کریں گے،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے 3 نام فائنل کیے گئے ہیں،فیصلہ (آج)اتوارکو اور وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ 24سے48گھنٹے میں ہوجائے گا، ایم این ایز کا اجلاس بھی بلا لیا ہے ،اسپیکر کے انتخاب کے لیے180ووٹ اوروزیراعظم کے انتخاب کے لیے 180ووٹ سے زیادہ حاصل کرلیں گے،پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے الیکشن میں 200 ارکان تک پہنچ چکے ہیں ، اسد عمر ایف اے ٹی ایف سمیت بین الاقوامی امور پر رابطے میں ہیں،معیشت اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے ،اسد عمر اور ان کی ٹیم اس وقت معیشت پر توجہ دے رہی ہے،عمران خان کہہ چکے ہیں اپوزیشن کی ڈیمانڈ پر غور کیا جائے گا ، وزیراعظم خود ایوان میں ایک گھنٹے کے لیے جواب دیا کریں گے۔تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کپل دیواور نوجوت سنگھ سدھو حلف برداری میں آرہے ہیں جبکہ سنیل گواسکر مصروفیات کے باعث حلف برداری میں نہیں آسکیں گے ، 1992ء کی اسٹار کرکٹ ٹیم بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کرے گی ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ